آئی ٹی کمیونیکیشن کے باعث تعطل کے بعد ایئرلائنز کے فضائی آپریشنز مکمل بحال
ہفتہ 20 جولائی 2024 11:48
تھائی لینڈ کے ایئرپورٹس کے صدر نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ تھائی لینڈ کے پانچ بڑے ہوائی اڈوں پر چیک ان سسٹم معمول پر آ گیا ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
دنیا بھر میں آئی ٹی کمیونیکیشن میں خلل کے بعد سنیچر کو ائیرلائنز کے آپریشنز بتدریج بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آئی ٹی کی خرابی ٹھیک ہونے کے فوراً بعد ایئرپورٹ آپریشنز کی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔
دبئی ایئرپورٹس نے ایک بیان میں کہا کہ بندش کی وجہ سے ٹرمینلز 1 اور 2 میں کچھ ایئرلائنز کے چیک ان کے عمل کو متاثر کرنے کے بعد آپریشن معمول پر آ گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’متاثرہ ایئرلائنز نے فوری طور پر ایک متبادل نظام کو اختیار کیا جس سے معمول کے چیک ان آپریشنز کو تیزی سے دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔‘
اسی طرح کویت کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے فلائٹ آپریشنز اور تمام ایئرلائنز کے تکنیکی نظام کی بحالی کی اطلاع دی۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘سول ایوی ایشن کے ذریعے منظور کیے گئے ہنگامی منصوبے کے فعال ہونے سے اس بندش کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملی۔‘
ایشیا بھر میں متعدد امریکی ایئرلائنز نے کہا کہ اب وہ ہانگ کانگ، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں چیک ان سروسز بحال کر کے دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں اور زیادہ تر آپریشنز انڈیا، انڈونیشیا اور سنگاپور کے چانگی ہوائی اڈے پر ہفتے کی دوپہر تک معمول پر آ گئے ہیں۔
تھائی لینڈ کے ایئرپورٹس کے صدر نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ تھائی لینڈ کے پانچ بڑے ہوائی اڈوں پر چیک ان سسٹم معمول پر آ گیا ہے۔ ایئرپورٹس پر لمبی قطاریں نہیں ہیں جیسا کہ ہم نے کل تجربہ کیا تھا۔‘
مائیکروسافٹ نے کہا تھا کہ یہ مسئلہ جمعرات کو شروع ہوا جس سے ‘کراؤڈ سٹرائیک فالکن‘ سائبر سکیورٹی سافٹ ویئر چلانے والے ونڈوز صارفین متاثر ہوئے۔
کراؤڈ سٹرائیک نے کہا کہ اس نے اس مسئلے کا حل نکالا ہے اور کمپنی کے باس جارج کرٹز نے امریکی نیوز چینل سی این بی سی کو بتایا کہ وہ ’ذاتی طور پر ہر تنظیم، ہر گروپ اور ہر اس شخص سے معافی مانگنا چاہتے ہیں جو متاثر ہوئے ہیں۔‘