Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش اور پاکستانی پکوان: ’یہ جوڑی بھی آسمانوں پر بنی تھی‘

پاکستان میں شدید بارشوں کا موسم مون سون کے دوران آتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کی ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جس سے پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مشرقی اور جنوبی بلوچستان اور زیریں سندھ میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ 
پاکستان میں شدید بارشوں کا موسم مون سون کے دوران آتا ہے، جو جون سے ستمبر تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشیں ہوتی ہیں جو کبھی کبھار سیلاب کی شکل بھی اختیار کر لیتی ہیں۔
ویسے تو بارشوں کا اثر شہروں اور دیہاتوں دونوں میں مختلف انداز میں محسوس ہوتا ہے  لیکن موسم سے خوشگوار ہونے کے لیے لذیذ پکوان ہر جگہ ہی اہم تصور کیے جاتے ہیں۔
بارش اور روایتی کھانوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے، وہ کہا جاتا ہے نا کہ ’جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، ایسا لگتا ہے یہ جوڑی بھی آسمان پر ہی بنی ہو گی۔‘
چاہے بارش سردیوں کی ہو، گرمیوں کی یا کسی بھی موسم کی، اس دوران ہم پکوڑے، حلوہ پوری، یا گڑ والے چاول جیسے لذیذ پکوان تیار کرتے ہیں اور ابر رحمت کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
کچے گھروں یا کھیتوں سے اٹھتی مٹی کی خوشبو جب ہمارے روایتی پکوانوں کی خوشبو سے ملتی ہے تو موسم کے برستے ابر رحمت کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔ یہ روایات ہمیشہ سے چمک رہی ہیں اور رشتوں کو جوڑے رکھتی ہیں۔

بارش کے دوران گرم چائے کا کوئی مقابلہ نہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ویسے تو بارش سے پوری دنیا محظوظ ہوتی ہے لیکن پاکستان میں ہم روایت اور لذت کو ثقافت بنا لینے کے ماہر ہیں۔

بارش کے دوران پسند کیے جانے والے پکوان

بارش کے موسم میں پاکستانی عوام روایتی اور خوش ذائقہ پکوان بناتے ہیں جو اس موسم میں خاص طور پر پسند کیے جاتے ہیں۔ یہاں کچھ مشہور پکوانوں کا ذکر ہے جو بارش کے دوران بنائے جاتے ہیں:

 پکوڑے

پکوڑے بارش کے دوران سب سے زیادہ پسند کیے جانے والا پکوان ہیں۔ انہیں بیسن میں مختلف سبزیوں جیسے آلو، پیاز، پالک، اور بینگن کو ملا کر تلا جاتا ہے۔ کبھی کبھار مرغی یا مچھلی کے پکوڑے بھی بنائے جاتے ہیں۔ 

سموسے

سموسے بارش کے دوران شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ آلو، مٹر، یا قیمے کے سموسے چائے کے ساتھ بہترین لگتے ہیں۔

 جلیبی

جلیبی میٹھے پکوانوں میں شامل ہے جو بارش کے دوران خاص طور پر پسند کی جاتی ہے۔ گرم گرم جلیبی جب بارش میں کھائی جاتی ہے تو اس کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ جلیبی کو دودھ کے ساتھ بھی کھایا جاتا ہے۔

پاکستان اور انڈیا میں مٹھائی کی ہر دکان پر جلیبی ہوتی ہے۔ (فوٹو: پکس ہیئر)

چائے

بارش کے دوران گرم چائے کا کوئی مقابلہ نہیں۔ مختلف قسم کی چائے جیسے ادرک، الائچی، یا دودھ پتی والی چائے بارش کے موسم میں بہت پسند کی جاتی ہے۔ چائے کے ساتھ پکوڑے، سموسے، اور دیگر تلی ہوئی اشیاء کا لطف آتا ہے۔

حلوہ پوری

حلوہ پوری بھی بارش کے دوران خاص طور پر کھائی جاتی ہے۔ چنے کا سالن، گرم گرم پوری، اور میٹھا حلوہ اس موسم میں بہت مقبول ہے۔

گڑ والے چاول

گڑ والے چاول بارش کے دوران ایک خوش ذائقہ میٹھا پکوان ہے۔ یہ چاول گڑ اور خشک میوہ جات کے ساتھ پکائے جاتے ہیں اور ان کا ذائقہ بہت لذیذ ہوتا ہے۔

آلو کی ٹکیاں

آلو کی ٹکیاں بھی بارش کے دوران شوق سے کھائی جاتی ہیں۔ آلو کو مسالے لگا کر تل کر گرم گرم ٹکیاں بنائی جاتی ہیں جو چٹنی کے ساتھ پیش کی جاتی ہیں۔

 پکوڑے ہر گھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔ (فوٹو: فری پک)

پراٹھے

پراٹھے بھی بارش کے موسم میں بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ مختلف قسم کے پراٹھے جیسے آلو کے پراٹھے، قیمے کے پراٹھے، اور میتھی کے پراٹھے بارش کے دوران بنائے جاتے ہیں۔

شیئر: