Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مون سون کا نیا سلسلہ، کن علاقوں میں بارش اور سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے؟

’موسلادھار بارش کے باعث پنجاب اور زیریں سندھ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ’16 جولائی سے بحیرہ عرب سے داخل ہونے والی مون سون ہواؤں سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔‘
سندھ میں 18 اور 19 جولائی کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور انتہائی مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ 
مِٹھی، سانگھڑ، عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، کراچی، حیدر آباد، جیکب آباد، سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، دادو اور پڈعیدن میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں 21 جولائی تک دیامیر، استور، سکردو، گلگت، گھانچے اور شِگر میں مطلع جزوی سے ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کے باعث پنجاب اور زیریں سندھ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
20 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں کے علاوہ مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے (فائل فوٹو: اے پی)

شدید بارشوں، آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ کمزور انفراسٹرکچر جیسے کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
’مسافر اور سیاح سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔‘
حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران ’الرٹ‘ رہنے اور کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: