میت کی وڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والا بنگلہ دیشی گرفتار
منگل 30 جولائی 2024 18:32
ملزم کے خلاف سائبرکرائم کا مقدمہ درج کرلیا گیا (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ریاض پولیس نے وزارت صحت کے تعاون سے سوشل میڈیا پر میت کی وڈیو اپ لوڈ کرنے والے بنگلہ دیشی کو گرفتار کرلیا ہے ۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری وڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض میں ایک ہسپتال کے بنگلہ دیشی کارکن کو سائبر کرائم پرحراست میں لیا گیا۔
ملزم نے ہسپتال کے سرد خانے میں کفنائی گئی ایک میت کی وڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر آپ لوڈ کردی تھی تاکہ ویوز حاصل کیے جاسکیں ۔
ریاض پولیس نے وڈیو کی تحقیقات کرنے کے بعد وزارت صحت کے تعاون سے بنگلہ دیشی کارکن حراست میں لے لیے جس پر لوگوں کی نجی زندگی کو عام کرنے کا الزام ہے۔
ملزم کے خلاف سائبرکرائم کا کیس درج کرکے اسے متعلقہ ادارے کے سپرد کردیا گیا جہاں اس سے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کیس عدالت میں ارسال کیا جائے گا۔