Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں: سعودی سفیر

پیغام حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام میں گہرا بردارانہ رشتہ قائم ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائی ہیں اور ان کے برادرانہ تعلقات بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں۔
منگل کے روز اسلام آباد میں پیغام حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام میں گہرا بردارانہ رشتہ قائم ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سال 2024 کے حج کے لیے شاندار انتظامات کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے بالخصوص سعودی عرب کے وزیر برائے حج ڈاکٹر توفیق بن فواز الربیعہ کا شاندار انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
سالک حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج کی عبادت ہمیں متحد ہونے کا درس دیتی ہے اور یہ سبق حاصل کرتے ہوئے ہمیں ملک کی ترقی اور اگلی نسل کے روشن مستقبل کے لئے مل کر کام کرنا چاہیئے۔

تقریب میں پاکستان کے مختلف مسالک کے علما اور مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ (فوٹو: اردو نیوز)

انہوں نے کہا کہ ہمیں فرقہ وارانہ، لسانی اور صوبائی اختلافات بھلا کر امن اور ترقی کے حصول کے لئے ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہیے۔
سالک حسین نے کہا کہ اگلے سال کے حج کے لیے پاکستان سے حجاج کی روانگی کے متعلق بہت سے امور پر ابھی سے کام ہو چکا ہے اور اس کے لائحہ عمل کے بارے میں کل وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات حقیقت اور دین پر مبنی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے اور علما کو چاہیے کہ مختلف شہروں میں جا کر وہ مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور فلاحی ریاست کا پیغام پھیلائیں۔
تقریب میں پاکستان کے مختلف مسالک کے علما اور مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔

شیئر: