Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ سے جدہ کے لیے براہ راست پروازیں پانچ برس بعد بحال کرنے کا فیصلہ

کورونا وبا کی وجہ سے کوئٹہ سے جدہ کے لیے براہ راست پروازیں بند ہو گئی تھیں (فوٹو: ویڈیو گریب: اے )
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے سعودی عرب کے لیے براہ راست پروازیں پانچ سال بعد دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے کے حکام کے مطابق چھ اگست کو پہلی پرواز کوئٹہ سے جدہ کے لیے روانہ ہو گی۔
کوئٹہ میں پی آئی اے کے عہدے دار شبیر ترین نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’کوئٹہ سے جدہ کے درمیان ہفتے میں دو دن (منگل اور اتوار کو) دو طرفہ پروازیں چلائی جائیں گی۔ ہر پرواز میں 173 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔‘
کوئٹہ سے سعودی عرب کے لیے اس وقت کسی بھی ایئرلائن کی براہ راست کوئی پرواز نہیں۔ پی آئی اے نے اکتوبر2019 میں کوئٹہ سے جدہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کی تھیں تاہم کورونا وبا کے بعد یہ پروازیں بند ہو گئی تھیں۔
اس کے بعد کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رن وے کی توسیع کے لیے تعمیراتی کام کی وجہ سے بیرون ملک پروازیں شروع نہیں کی جاسکیں۔
شبیر ترین کے مطابق ’رن وے کی تعمیر کا کام مکمل ہو گیا ہے، اب کوئٹہ ایئرپورٹ پر بڑے طیارے بھی اترسکتے ہیں۔ اس لیے اگر کوئٹہ جدہ روٹ پر مانگ میں اضافہ ہوا تو بڑے طیاروں کو بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پرواز خاص عمرہ زائرین کے لیے بحال کی گئی ہے تاہم اس سے نہ صرف عمرہ زائرین بلکہ بلوچستان کی تاجر برادری اور سعودی عرب میں کام کرنے والے افراد بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یکطرفہ کرایہ 391 ڈالر(تقریباً ایک لاکھ نو ہزار پاکستانی روپے ) رکھا گیا ہے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق کوئٹہ سے سعودی عرب کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے کوئٹہ تا جدہ براہ راست پرواز کی بحالی کی درخواست کی تھی۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ایک بیان میں کوئٹہ سے جدہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور بلوچستان کے عوام کے لیے ہوائی سفر کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گورنر بلوچستان کا کہنا ہے کہ ’اس اقدام سے بلوچستان کے عوام بالخصوص عمرہ زائرین کو سفری سہولت ملے گی اور انہیں ملک کے دوسرے شہروں تک جانے کی تکلیف نہیں اٹھانا پڑے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر مسافروں کے لیے اے ٹی ایم، ابتدائی طبی امداد، کرنسی ایکسچینج اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے۔
کوئٹہ میں حج و عمرہ پیکیجز فراہم کرنے والے ٹریول ایجنٹ حاجی ظفراللہ نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ براہ راست پرواز سے نہ صرف عمرہ زائرین بلکہ سعودی عرب میں کام کرنے والے بلوچستان کے ہزاروں باشندوں کو فائدہ ہو گا۔
ان کے وقت ، پیسے اور توانائی کی بچت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ براہ راست پرواز نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کو کراچی، اسلام آباد اور ملک کے دوسرے شہروں تک جانے کی کوفت اٹھانا پڑتی تھی یا پھر دبئی اور شارجہ کی کنٹکنگ فلائٹس سے سعودی عرب جانا پڑا تھا۔

شیئر: