دبئی ایئرپورٹ پر چھ ماہ میں 4 کروڑ 49 مسافروں کا نیا ریکارڈ
ایئرپورٹ نے اپنے اب تک کے تمام ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔(فوٹو: روئٹرز)
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 2024 کی پہلی ششماہی کے دوران ریکارڈ 4 کروڑ 49 لاکھ (44.9 ملین) مسافروں کا خیرمقدم کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ ہے۔
بین الاقوامی سفر کے لیے دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ نے اپنے اب تک کے تمام ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
2018 میں دبئی ایئرپورٹ نے 89.1 مسافروں کا خیرمقدم کیا تھا جو کورونا سے پہلے کا مصروف ترین سال تھا۔ 2022 میں 66 ملین مسافر اور 2023 میں 86.9 مسافروں نے دبئی ایئرپورٹ سے سفر کیا۔
وام کے مطابق مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ انڈیا جیسی اہم مارکیٹوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی مانگ اور چین جیسی مارکیٹ کے دوبارہ فعال ہونے کے باعث ہوا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ کے سی ای او پال گرفتھس نے کہا ہے کہ اس سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ریکارڈ کارکردگی انٹرنیشنل ایوی ایشن کے مرکز کے طور پر دبئی کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
دنیا بھر سے ٹیلنٹ، کاروبارر اور سیاحوں کو راغب کرنے کے حوالے سے دبئی دنیا کے تمام شہروں میں سرفہرست ہے۔
ان کا کہنا تھا’ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ رواں سال 9 کروڑ 18 لاکھ مسافروں کی آمد کے ساتھ نئے ریکارڈ قائم کرنے کی راہ پر گامزن ہے‘۔
انڈیا 61 لاکھ مسافروں کے ساتھ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سب سے اہم منزل ہے، جس کے بعد سعودی عرب، برطانیہ، اور پاکستان اس فہرست میں شامل ہیں۔
دبئی ایئرپورٹ 106 ممالک کے 269 شہروں سے منسلک ہے اور 101 بین الاقوامی ایئرلائنز یہاں اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔
پروازوں کی کل تعداد 2 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ گئی ہے جو پچھلے سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 7.2 فیصد زیادہ ہے۔