سعودی عرب کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے کوششوں کا خیرمقدم
فلسطینی عوام کو ان کے مکمل جائز حقوق دینے کی ضرورت پر زور دیاہے ( فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب نے امریکہ، مصر اور قطر کی جانب سے اسرائیل اور حماس کو 15 اگست کو غزہ میں جنگ بندی کےلیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی دعوت دینے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں جنگ بندی تک پہنچنے اور غزہ میں بگڑتے انسانی حالات سے نمٹنے کےلیے امریکی صدر جو بائیڈن، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی مسلسل کوششوں کےلیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
مملکت نے خونریزی روکنے، مصائب کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ ، اسرائیلی قبضے کو ختم کرنے، امن وسلامتی کے حصول اور فلسطینی عوام کو ان کے مکمل جائز حقوق دینے کےلیے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ امریکی، قطری اور مصری ثالثوں نے 10 ماہ سے جاری جنگ میں دوسری جنگ بندی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔
جمعرات کو ایک مشترکہ بیان میں تینوں ممالک کے رہنماؤں نے متحارب فریقوں کو 15 اگست کو دوحہ یا قاہرہ میں دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی دعوت دی۔
نیتن یاہو کے دفتر نے بعد ازاں کہا کہ اسرائیل 15 اگست کو ایک مذاکراتی ٹیم کو ’متفقہ جگہ پر بھیجے گا تاکہ معاہدے پر عمل درآمد کی تفصیلات طے کی جا سکیں۔