Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپکس کی رنگا رنگ اختتامی تقریب: ’مقابلے سنسنی خیز تھے‘

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ اولمپکس اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اتوار کو پیرس میں فرانس کے نیشنل سٹیڈیم میں اولمپکس کی رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں معروف اداکار ٹام کروز سمیت مختلف فنکاروں نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

اداکار ٹام کروز نے مشن امپوسیبل کے متعدد خطرناک سٹنٹس کے ساتھ اولمپکس کی اختتامی تقریب کو یادگار بنا دیا۔

ٹام کروز اپنے مخصوص انداز میں اسٹیٹ دی فرانس سٹیڈیم کی چھت سے نیچے اُترے، چھت سے اترتے ہوئے 42 میٹر کی بلندی پر معلق ہونے کے بعد ٹام کروز کا مداحوں نے استقبال کیا۔

انہوں نے لاس اینجلس کی میئر کیرن باس سے مصافحہ کیا اور ان سے اولمپک پرچم وصول کیا۔ ٹام کروز نے ایک موٹرسائیکل پر سوار ہو کر سٹیڈیم سے باہر جا کر اولمپک پرچم لہرایا، 62 سالہ فنکار نے اس دوران اپنی مشہور چمڑے کی جیکٹ پہن رکھی تھی۔

لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے تسلیم کیا ہے کہ ’پیرس نے ایک اعلیٰ معیار قائم کیا ہے۔‘

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے اتوار کو اختتامی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پیرس مقابلے سنسنی خیز تھے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی ویب سائٹ کے مطابق تھامس باخ نے کہا کہ ’میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ (مقابلے) شروع سے اختتام تک سنسنی خیز اولمپک گیمز تھے۔‘
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے کہا کہ ’ان مقابلوں نے ہم سب کو اور دنیا بھر کے اربوں لوگوں کو متاثر کیا۔ ہمیں سب کے لیے ایک بہتر دنیا پر یقین دلانے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ اولمپک کھیل امن قائم نہیں کر سکتے لیکن اولمپک گیمز امن کی ثقافت پیدا کر سکتے ہیں جو دنیا کو متاثر کرتی ہے۔‘

 اولمپکس 2024 کا آغاز 26 جولائی کو ہوا تھا جو دو سے زائد ہفتوں تک جاری رہا۔ اب اولمپکس کا میلہ سال 2028 میں امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں سجے گا۔

شیئر: