Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس اولمپکس: الجزائر کی باکسر ایمان خلیف گولڈ میڈل اپنے نام کرنے میں کامیاب

ایمان خلیف نے چینی حریف یانگ لیو کو 0-5 سے شکست دی۔ فوٹو: اے ایف پی
پیرس اولمپکس میں اپنی جنس کی شناخت کے لیے پیدا ہونے والی غلط فہمی کے باعث تنقید کا نشانہ بنائی جانے والی الجزائر کی باکسر ایمان خلیف نے گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعے کو ایمان خلیف نے خواتین کے ویلٹر ویٹ کیٹیگری کے مقابلے میں چینی حریف یانگ لیو کو 0-5 سے شکست دی۔
تنازعات کا شکار ہونے والی ایمان خلیف نے اولمپکس کے مقابلوں میں اپنے باکسنگ کیریئر کی بہترین فائٹس لڑیں۔
ایمان خلیف کو عالمی رہنماؤں، نامور شخصیات کی جانب سے صنفی جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے ان کی عورت ہونے کی اہلیت پر سوال اٹھائے اور دعویٰ کیا کہ وہ ایک مرد ہیں۔
الجزائر کی باکسر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ جس طرح سے انہیں نفرت انگیز صنفی جانچ پڑتال کا سامنا رہا ’اس سے انسانی وقار کو نقصان پہنچتا ہے‘ اور کہا کہ ایتھلیٹس کے ساتھ جارحانہ رویے ختم ہونے چاہییں۔
ایمان خلیف نے کہا تھا کہ ان کے خلاف مہم کا بہترین جواب گولڈ میڈل ہو گا۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (آئی بی اے) نے گزشتہ سال کے مقابلوں میں ایمان خلیف اور تائیوان سے تعلق رکھنے والی باکسر لین یو ٹینگ  کو خواتین کے مقابلوں کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔
آئی بی اے نے کہا تھا کہ دونوں ایتھلیٹس مقابلے میں شریک ہونے کے لیے صنف سے متعلق لازمی اہلیت کا ٹیسٹ پاس نہیں کر سکی تھیں۔
تاہم انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے غیرمعمولی قدم اٹھاتے ہوئے آئی بی اے میں شفافیت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا اور دونوں ایتھلیٹس کی اولمپکس میں شامل ہونے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

پیرس اولمپکس میں مختلف حلقوں نے ایمان خلیف کی اہلیت پر سوال اٹھائے۔ فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (آئی او سی) نے یہ بھی کہا تھا کہ صنف سے متعلق لازمی اہلیت کا ٹیسٹ جو سپورٹس کی گورننگ باڈی نے دو باکسرز پر مسلط کیا وہ سراسر ناقص ٹیسٹ ہے۔
آئی او سی نے متعدد بار دہرایا کہ دونوں باکسرز پیرس مقابلوں میں شرکت کی اہلیت رکھتی ہیں جبکہ کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے ذاتی طور پر ایمان خلیف اور لین یو ٹینگ کا دفاع کیا اور ان پر ہونے والی تنقید کو ’نفرت انگیز‘ قرار دیا۔
تھامس باخ نے کہا تھا ’ہمارے پاس دو ایسی باکسرز ہیں جو خاتون کے طور پر پیدا ہوئیں، خاتون کے طور پر ہی ان کی پرورش کی گئی، ان کے پاسپورٹ پر بھی خاتون ہی لکھا ہوا ہے اور کئی سالوں سے خواتین کے مقابلوں میں ہی شرکت کر رہی ہیں۔‘
اس کے باوجود بین الاقوامی سطح پر دونوں باکسرز سے جڑی غلط فہمیوں پر تنقید جاری رہی لیکن ساتھ ہی ان ایتھلیٹس نے اپنے کیریئر کے اعلٰی ترین لیول پر بہترین کارکردگی دکھائی۔
ایمان خلیف کا گولڈ میڈل الجزائر میں خواتین کی باکسنگ کا پہلا تمغہ ہے جبکہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ الجزائر سے کسی نے باکسنگ کے کھیل میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ اس سے پہلے حسین سلطانی نے سال 1996 میں مردوں کی باکسنگ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
آج سنیچر کو تائیون کی لین یو ٹینگ باکسنگ کے فائنل میں پولینڈ کی جولیا کا مقابلہ کریں گی اور اگر وہ جیت جاتی ہیں تو یہ تائیوان کا باکسنگ میں پہلا سونے کا تمغہ ہوگا۔

شیئر: