Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ خالی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پی سی بی کی تماشائیوں سے معذرت

پی سی بی مطابق شائقین کی حفاظت کے لیے خالی سٹیڈیم میں میچ کرانے کا فیصلہ کیا۔ فائل فوٹو: روئٹرز
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ کراچی میں قومی ٹیم اور بنگلہ دیش کے مابین 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ  تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔
بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں پی سی بی نے کہا کہ ’آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے تحت نیشنل بینک اسٹیڈیم  کراچی میں جاری تعمیراتی کام کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ  نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے بارے میں مشکل فیصلہ کیا ہے کہ  یہ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔‘
پی سی بی کے مطابق ’ہم اس اہم کردار کو سمجھتے ہیں جو ہمارے ُپرجوش تماشائی کرکٹ میں ادا کرتے ہیں اور جو ہمارے کھلاڑیوں کو تحریک اور ترغیب فراہم کرتے ہیں۔ تاہم مداحوں کی صحت اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔‘
کرکٹ بورڈ نے کہا کہ تمام دستیاب آپشنز پر بغور غور کرنے کے بعد نے فیصلہ کیا ہے کہ سب سے محفوظ طریقہ یہ ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کو خالی سٹیڈیم میں منعقد کیا جائے۔
’اس فیصلے کے نتیجے میں ٹکٹوں کی فروخت فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ وہ شائقین جنہوں نے پہلے ہی ٹکٹ خریدے ہیں انہیں خریداری کے وقت فراہم کردہ اکاؤنٹ کی تفصیلات میں جمع کی گئی رقم خود بخود مکمل واپس مل جائے گی۔‘
پی سی بی نے کہا کہ ’اگرچہ ہمیں اس کی وجہ سے ہونے والی کسی بھی تکلیف پر افسوس ہے، ہم اپنے قابل قدر شائقین کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ سٹیڈیم میں جاری اپ گریڈ اور تزئین و آرائش کو مزید تماشائیوں کے لیے سازگار بنانا اور اسے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے تیار کرنا ہمارے عزم کا حصہ ہے جو 1996 کے بعد پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔‘

شیئر: