Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق کپتان وقار یونس چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ امور تعینات

وقار یونس کی تعیناتی کے بعد محسن نقوی بورڈ کے انتظامی امور پر توجہ مرکوز کریں گے (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ امور کی حیثیت سے ذمہ دارایاں سنبھال لی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے منگل کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈکوارٹرز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
کرکٹ سے متعلق خبروں کی ویب سائٹ ’کِرک انفو‘ کے مطابق انہوں نے عہدہ سنبھالنے سے قبل پیر کو پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات بھی کی۔
وقار یونس فی الحال کنسلٹنٹ یا چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ امور کے طور پر کام کریں گے، تاہم اگر ان کی تعیناتی مستقل طور پر ہو جاتی ہے تو پھر ان کا عہدہ تبدیل بھی ہو سکتا ہے۔
 اگر اُن کے معاملات طے ہو جاتے ہیں تو اُن کا عہدہ انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مینجنگ ڈائریکٹر رابرٹ کی طرز کا ہوگا۔
وقار یونس اس سے قبل دو مرتبہ 2010 اور 2016-2014 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں۔
پی سی بی کے ایک افسر کے مطابق چیئرمین محسن نقوی ’کرکٹ سے متعلق تمام امور‘ کسی سابق کرکٹر کو سونپنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
’وہ چاہتے ہیں کہ سلیکشن اور ہائی پرفارمنس ایسے معاملات کسی سابق کرکٹر کے حوالے کیے جائیں اور وہ خود بورڈ کے انتظامی امور پر توجہ مرکوز کریں۔‘
محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کے علاوہ ملک کے وزیر داخلہ بھی ہیں جو وفاقی کابینہ میں ایک اہم وزیر ہوتا ہے اور اس عہدے کی اپنی بہت زیادہ مصروفیات ہیں۔
رمیز راجا کی چیئرمین شپ کے دوران فیصل حسنین بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، تاہم رمیز راجا کے بعد پُرانے آئین کو بحال کردیا گیا جس میں سی ای او کا کوئی کردار نہیں۔

وقار یونس اس سے قبل دو مرتبہ 2010 اور 2016-2014 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئندہ کا شیڈول بہت مصروف ہے اور محسن نقوی اس سے قبل کسی کو یہ ذمہ داری سونپنا چاہتے ہیں۔
پاکستان نے اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف ملک میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں جبکہ اکتوبر میں انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچے گی۔
اس کے بعد پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ میں میزبان ملک کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی اور پھر پاکستان واپس آکر ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لے گی۔
بعدازاں قومی ٹیم نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ پاکستان میں ایک سہ فریقی سیریز بھی کھیلے گی۔
آئندہ سال پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا جبکہ قومی ٹیم آئندہ برس مارچ میں نیوزی لینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ اور پانچ ٹی20 میچز بھی کھیلے گی۔

شیئر: