ملاوی میں رابطہ عالم اسلامی کے زیرکفالت 6 ہزار یتیم بچوں کے اعزاز میں تقریب
ملاوی میں رابطہ عالم اسلامی کے زیرکفالت 6 ہزار یتیم بچوں کے اعزاز میں تقریب
بدھ 14 اگست 2024 18:38
رابطہ نے خشک سالی کی لہر کے بعد ہنگامی امدادی مہم کا بھی آغاز کیا ہے
جمہوریہ ملاوی میں رابطہ عالم اسلامی کی زیر کفالت 6 ہزار یتیم بچوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر ڈاکٹر لازارس میکارتھی چکویرا اور سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا’ ملاوی عالمی سطح پر قومی ہم آہنگی کی مثال ہے۔ ہم اپنے برادرانہ اور انسانی یکجہتی کو فروغ دینے کے فرض کے پابند ہیں جس میں فلاحی کام شامل ہیں‘۔
ملاوی کے صدر ڈاکٹر لازارس میکارتھی چکویرا نے کہا ’ہم رابطہ کے پروگراموں اور اقدامات کو سراہتے ہیں۔ ہمیں ملاوی میں ایک اہم بین الاقوامی تنظیم کے ساتھ اپنی دوستی اور شراکت داری پر فخر ہے جو ہمیشہ بغیر کسی امتیاز کے مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم رہی ہے‘۔
یاد رہے کہ رابطہ کے سیکرٹری جنرل جنوبی افریقہ اور ملاوی کے دورے پر ہیں تاکہ ملاوی کے متنوع معاشرے میں قومی بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے پروگرام اور اقدامات کا آغاز کیا جاسکے۔
تقریب کے دوران ملاوی کے صدر نے ڈاکٹر العیسی کو یتیم بچوں کی دیکھ بھال کےلیے خدمات پر میڈل سے بھی نوازا۔
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے ملاوی میں پانی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
یہ منصوبہ شمسی توانائی پر کام کرے گا اورچھ علاقوں کی ضروریات کو پورا کرے گا۔ اس سے ہزاروں ضرورت مند افراد فائدہ اٹھائیں گے جنہوں نے محفوظ اور صاف پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا کیا ہے۔
رابطہ عالم اسلامی نے خشک سالی کی لہر کے بعد ایک ہنگامی امدادی مہم کا بھی آغاز کیا ہے جس کا مقصد 23 صوبوں میں دو لاکھ سے زائد متاثرین میں امدادی پیکجز تقسیم کرنا ہے۔