Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا مشتبہ کیس، نمونے جانچ کے لیے بھیج دیے گئے

بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام انٹری پوائنٹس پر سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز))
پاکستان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک میں منکی پاکس نامی متعدی بیماری کا پہلا مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے۔
یہ کیس عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے منکی پاکس کو گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی قرار دینے کے ایک دن بعد جمعرات کو سامنے آیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے کچھ افریقی ممالک میں منکی پاکس وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کے بیان کے مطابق متشبہ وائرس کا حامل شخص خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتا ہے اور وہ خلیجی ممالک سے آیا ہے۔‘
’متاثرہ شخص میں منکی پاکس کی معمولی علامات ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ وائرس  کی تصدیق کے لیے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)  کو نمونہ بھیج دیا گیا ہے۔ این آئی ایچ نمونے کی جانچ کے بعد اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔
بیان کے مطابق ’متاثرہ شخص کی کانٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی گئی ہے اور مزید لوگوں کے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان کی وزارت صحت نے تمام صوبوں کو منکی پاکس کے حوالے سے فوکل پرسنز  مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اس کے علاوہ بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام انٹری پوائنٹس پر سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
این آئی ایچ نے منکی پاکس وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر بھی تجویز کی ہیں اور بتایا ہے کہ اب تک دنیا کے 122 ممالک میں اس بیماری کے 99 ہزار 518 کیسز اور لگ بھگ 208 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

شیئر: