بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان ایک دن میں کتنے گھنٹے سوتے ہیں؟
لوکارنو فلم فیسٹیول کے 77ویں ایڈیشن میں شاہ رخ خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے (فائل فوٹو: )
بالی وُڈ کنگ شاہ رخ نے اپنے روزمرہ کے معمولات اور آرام کے اوقات سے متعلق حال ہی میں گفتگو کی ہے۔
شاہ رخ خان نے برطانوی اخبار دی گارڈین سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ وہ کیسے صبح پانچ بجے سو کر نو بجے جاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ رات دو بجے گھر پہنچتے ہیں اور سونے سے پہلے دو گھنٹے تک ورزش کرتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے کہا ’میں صبح پانچ بجے سوتا ہوں۔ یعنی جب مارک ولبرگ اٹھتے ہیں تو میں سونے لگتا ہوں۔ اگر میری کوئی شوٹنگ ہو تو میں 9 یا 10 بجے اٹھ جاتا ہوں۔ اس کے بعد میں رات دو بجے گھر واپس آ کر پہلے نہاتا اور پھر سونے سے پہلے ورزش کرتا ہوں۔‘
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان دن میں ایک ہی کھانا کھاتے ہیں۔ وہ دن میں ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کرتے ہیں۔
انہوں نے کوورنا وبا کے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’وبا کے دوران جب کچھ بھی کرنے کو نہیں تھا تو میں سب سے کہتا تھا کہ اٹالین کھانے بنانا سیکھو اور ورزش کرو۔ اس وقت میں ورزش کرتا تھا اور میں نے اپنی باڈی بھی بنائی۔‘
حال ہی میں لوکارنو فلم فیسٹیول کے 77ویں ایڈیشن میں شاہ رخ خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ’دی پرادو آلا کریریا‘ سے بھی نوازا گیا ہے۔
شاہ رخ خان نے مزید بتایا کہ ’وہ کئی مختلف قسم کی فلمیں کرنا چاہتے ہیں جو شاید خاص عمر کے حساب سے ہوں۔ میں گزشتہ چھ سات برس سے اس کوشش میں لگا ہوا ہوں۔‘
’میں اس بارے میں سوچ رہا تھا اور میں نے اس کا ذکر فلم میکر سوجوئے گھوش سے اس وقت کیا جب ایک دن ہم ساتھ بیٹھے تھے۔‘
شاہ رخ خان نے بتایا کہ ’میں آج کل جس نئی فلم پر کام کر رہا ہوں اس کا نام کنگ ہے۔ اس پر کام شروع ہو چکا ہے اور مجھے اس کے لیے اپنا وزن کچھ کم کرنا ہو گا۔‘
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کچھ اطلاعات یہ بھی ہیں شاہ رخ خان کی نئی فلم کنگ میں ان کی اداکارہ بیٹی سہانہ خان کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔