Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں میں تیز رفتار ڈمپر نے سکوٹی چلانے والی لڑکی کو کچل دیا

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے اہلخانہ کے ان سے رابطہ کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تیز رفتار ڈمپر نے سکوٹی چلانے والی لڑکی کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 23 سالہ لڑکی موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔
پولیس کے مطابق منگل کی شام کراچی ضلع شرقی کے راشد منہاس روڈ پر جوہر موڑ کے قریب ایک 23 سالہ لڑکی بارش کے باعث اکھڑی جانے والی سڑک پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے پھسل ہو کر گر گئی، لڑکی کے زمین پر گرنے کے بعد پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے اسے کچل دیا۔
لڑکی کی شناخت سارہ اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ 23 سالہ خاتون راشد منہاس روڈ سے متصل علاقے شانتی نگر کی رہائشی تھیں۔ وہ اپنے دفتر سے واپس گھر جا رہی تھیں جب یہ حادثہ ہوا۔
حادثے کے فوراً بعد تیز رفتار ڈمپر کا ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے ڈمپر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے اہلخانہ کے ان سے رابطہ کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
کراچی شہر میں دوڑتے یہ تیز رفتار ڈمپر اور ٹینکر آئے روز شہر میں کہیں نہ کہیں حادثے کا باعث بن رہے ہیں۔ ٹریفک قوانین کے مطابق ہیوی ٹریفک کو رات 11 بجے کے بعد شہر کی سڑکوں پر آنے کی اجازت ہے، لیکن پانی سپلائی کرنے والے ٹینکر اور ریتی بجری، نالہ صفائی اور کچرا اٹھانے پر معمور یہ یہ ٹرک 24 گھنٹے شہر کی سڑکوں پر دوڑتے نظر آتے ہیں۔
ان میں سے بیشر گاڑیوں انتہائی خراب حالت میں ہونے کی وجہ سے کئی بار بے قابو ہوکر شہریوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے کچھ عرصہ دن کے اوقات میں شہر کی مرکزی سڑکوں پر آنے پر ان کے خلاف ایکشن کا آغاز کیا گیا تھا لیکن بااثر ٹرانسپورٹرز کے سامنے یہ احکامات زیادہ عرصے نہیں چل سکے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے ڈیفنس موڑ پر بھی ایک تیز رفتار ٹرک نے بائیکیا چلانے والے تین بچوں کے باپ اور گھر کے واحد کفیل کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقع میں بھی ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا، اور بعد ازاں معاملہ طے ہونے پر اس واقعہ کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا تھا۔

شیئر: