Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحری، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری: اماراتی وفد کی اسلام آباد آمد

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ متحدہ امارات پاکستان کی اقتصادی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ فوٹو: دفتر خارجہ
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے جس کے تحت ایک اعلیٰ سطح کا اماراتی وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ 
شیخ احمد دلموک المکتوم کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے منگل کی رات پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے بحری، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم نے بات چیت کی سٹریٹجک نوعیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای پاکستان کی اقتصادی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
بات چیت کا محور پاکستان کے اہم بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کو بروئے کار لانا تھا، جن میں بحری، ریلوے، اور ہوا بازی شامل ہیں۔ 
اس حوالے سے منگل کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات تاریخی طور پر پاکستان کا ایک قابل اعتماد معاون رہا ہے جو اکثر سعودی عرب کے ساتھ مل کر پاکستان کو اربوں ڈالر کے قرضے رول اوور میں مدد فراہم کرتا رہا ہے۔
بیان کے مطابق اس سال، یو اے ای نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے ذریعے اپنی حمایت کا کا یقین دلایا ہے جو صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خلیجی ملک کے دورے کے دوران کیا۔

اماراتی دورے کے دوران پاکستان کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ فوٹو: دفتر خارجہ

اس اعلان کے مطابق، پاکستان اور ابو ظہبی پورٹس گروپ نے رواں سال کے شروع میں حکومت سے حکومت (G2G) معاہدے پر دستخط کیے، جس سے 395 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی۔ یہ معاہدہ پاکستان کی تجارت اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
یہ بات چیت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان پچھلے ایک سال سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، کرنسی کی قدر میں کمی، اور بلند افراط زر سے دوچار ہے۔
ملاقات کے دوران امارات کے وفد نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 
 پاکستان اس وقت اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھرپور کوشش کر رہا ہے اور حال ہی میں جولائی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اماراتی وفد اپنے دورے کے دوران پاکستان کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ 

شیئر: