ابوظبی پورٹس کا کراچی کی بندرگاہ میں 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان
جمعہ 19 جولائی 2024 17:35
ابوظبی پورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم عزیز خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی (فوٹو: پی ایم آفس)
ابوظبی پورٹس کراچی کی بندرگاہ میں آئندہ 10 برسوں کے دوران 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ابوظبی پورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم عزیز خان اور ان کے وفد نے جمعے کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 13 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والا جدید اور تمام ضروری سہولیات سے لیس ملٹی پَرپَز ٹرمینل آئندہ دو برس میں مکمل ہو جائے گا۔
وفد نے وزیرِاعظم کو کراچی کی بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل کی سہولیات میں بہتری کے لیے کمپنی کی سرمایہ کاری سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے مطابق کنٹینر ٹرمینل کے منصوبے میں ایکسس کنٹرول، خودکار گیٹس، برتھ میں مزید 200 میٹر کی توسیع، کرین ریل ٹریک اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر شامل ہے۔
’ٹرمینل پر نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر سے ایک لاکھ 20 ہزار ٹن تک کے مال بردار جہاز لنگر انداز ہو سکیں گے جس سے بندرگاہ پر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔‘
اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ’ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید مشینری سے بندرگاہ پر سامان اور کنٹینرز کے انتظام کو بہتر کیا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کنٹینرز کے نظام کو بہتر کرکے کلیئرنس کیے لیے درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے، ابوظبی پورٹس کے ساتھ معاہدے میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔‘
وزیرِاعظم نے ریلوے حکام کو منصوبے کو فعال بنانے اور ٹرمینل سے سامان کی ترسیل کو بہتر کرنے کے لیے مال بردار بوگیوں اور ضروری رولنگ سٹاک کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف کے مطابق ابوظبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کا مقصد شفافیت، استعداد کار میں اضافہ اور پورٹ آپریشنز کی بہتری ہے۔‘