Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بونا راست: اوورسیز عرب ممالک سے کم لاگت میں رقوم پاکستان بھجوا سکیں گے

وزیراعظم نے کہا کہ بونا راست منصوبے سے پاکستان کے عرب دنیا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم شہباز شریف نے عرب ممالک سے تیز، مؤثر اور کم لاگت میں رقوم بھجوانے کے نظام ’بونا راست‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے یہ تاریخی اقدام ہے جس سے انھیں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں سہولت ملے گی۔
جمعرات کو منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بونا راست منصوبے سے بیرون ملک پاکستانی مستفید ہوں گے اور پاکستان کو عرب ممالک سے ڈیجیٹل ادائیگی میں سہولت ملے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بونا راست منصوبہ پاکستان کا پہلا کراس بارڈر رقوم کی منتقلی کا نظام ہے اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے یہ تاریخی اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس گراؤنڈ بریکنگ اقدم سے پاکستان کے عرب دنیا کے ساتھ تعلقات جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’آج ہم ڈیجیٹل  گورننس کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس تاریخی سنگ میل سے  عرب دنیا کے ساتھ ہمارے  تعلقات مزید مستحکم اور جدید خطوط پر استوار ہوں گے۔ اس  تاریخی منصوبے سے پاکستانی تارکین وطن  کو اپنے خاندانوں کی بروقت امداد اور رقوم کی منتقلی میں مدد ملے گی۔ ‘
انھوں نے کہا کہ ’بونا راست سے عوام کو سہولت اور کاروبار فروغ پائے گا۔  اس منصوبے سے رقوم کی منتقلی کے غیر روایتی چینلز کا خاتمہ ہوگا اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا، حوالہ اور ہنڈی سے رقوم کی منتقلی کاخاتمہ ہو گا۔‘
عرب ممالک اور پاکستان کے درمیان معاشی اور مالی روابط مضبوط ہوں گے، ترجمان سٹیٹ بینک
ترجمان سٹیٹ بینک محمد خبیب عثمانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ بونا سرحد پار ادائیگی کا نظام ہے جسے عرب مانیٹری فنڈ (اے ایم ایف) کے زیرِ ملکیت عرب علاقائی ادائیگی کی کلیئرنگ اور تصفیے کی تنظیم ’اے آر پی سی ایس او‘ چلاتی ہے۔
’بونا کا مقصد عرب خطے میں قائم اور اس سے باہر کے مالی اداروں اور مرکزی بینکوں کو مقامی کرنسیوں کے علاوہ اہم بین الاقوامی کرنسیوں میں محفوظ، کم لاگت، خطرے سے پاک اور شفاف طریقے سے ادائیگیاں بھیجنے اور وصول کرنے کے قابل بنایا جائے۔‘
ترجمان نے بتایا کہ بونا اپنے شراکت داروں کو ادائیگی کے جدید طریقے پیش کرتا ہے جو بین الاقوامی معیارات، اصولوں اور تعمیل کے تقاضوں کی پاسداری کرتے ہیں۔

بونا راست سے اوورسیز پاکستانی رقوم کم لاگت میں بھجوا سکیں گے۔ فوٹو: انسپلیش

محمد خبیب عثمانی نے مزید کہا کہ ’راست‘ اور ’بونا‘ کو اس لیے منسلک کیا جا رہا ہے کہ عرب خطے اور پاکستان کے درمیان ترسیلات زر کی منتقلی باضابطہ چینلز سے آسانی سے ہو سکے۔
’اس اقدام سے افراد کے علاوہ کاروباری اداروں کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ نہ صرف فوری، محفوظ اور سستی سرحد پار ادائیگیاں ہوسکیں گی بلکہ عرب ممالک اور پاکستان کے درمیان معاشی، مالی اور سرمایہ کاری روابط بھی مضبوط ہوں گے۔‘
سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے رقوم کی منتقلی آسان ہو گی، اعلامیہ
تقریب سے پہلے وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت پاکستان کے ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ کے تحت قائم بونا سے جوڑا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم کے ویژن کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے کے تیز، مؤثر اور کم لاگت منصوبے کا نفاذ شروع ہو گیا ہے۔
راست اقدام کو بونا سے جوڑنے پر عرب ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو تیز، مؤثر اور کم لاگت میں رقوم بھجوانے کی سہولت میسر ہوگی۔
منصوبے سے نہ صرف سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے رقوم کی منتقلی میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ اس سے ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بونا-راست کنیکٹیوٹی کے تحت عرب ممالک میں مقیم پاکستانی با آسانی ڈیجیٹل طریقے سے رقوم پاکستان میں اپنے اہل خانہ کو بھیج سکیں گے۔

شیئر: