سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے بریک اپ کی وجہ کیا تھی؟
سنہ 2002 میں ایشوریا رائے نے عوامی سطح پر اپنی علیحدگی کی تصدیق کی اور سلمان پر کئی سنگین الزامات عائد کیے۔ (فائل فوٹو: کوئی موئی)
ایک وقت میں بالی وڈ کی مشہور جوڑی سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے تعلق نے سب کی توجہ مرکوز کی ہوئی تھی۔ تاہم ان کا رشتہ کچھ تلخ یادوں کے بعد سنہ 2001 میں ختم ہو گیا تھا۔
بالی وڈ خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق سلمان اور ایشوریا کے بریک اپ کا میڈیا میں بہت چرچا رہا، اور دونوں کے علیحدہ ہونے کے باوجود لوگوں کی دلچسپی اس میں قائم رہی۔
بریک اپ سے قبل کئی ایسے واقعات ہوئے جو ان دونوں کی علیحدگی کا باعث بنے۔ سلمان کو مبینہ طور پر 2001 میں ایشوریہ کے گھر کے باہر دیکھا گیا تھا، جہاں کافی ہنگامہ ہوا اور انہوں نے گھر کے اندر جانے کی کوشش کی۔
خیال کیا جاتا ہے کہ وہ وہاں شادی کے لیے پرپوز کرنے آئے تھے لیکن ایشوریہ تیار نہیں تھیں۔ اس سب تماشے کے باوجود ایشوریہ نے سلمان کو اپنے گھر میں آنے دیا لیکن ان کے رشتے میں دراڑ آچکی تھی۔
سنہ 2002 میں ایشوریہ رائے نے عوامی سطح پر اپنی علیحدگی کی تصدیق کی اور سلمان پر کئی سنگین الزامات عائد کیے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’وہ سلمان کے ساتھ ان کے بدترین دور جس میں وہ شراب نوشی اور شخصی مسائل سے نبرد آزما تھے، ان کے ساتھ رہیں، لیکن بدلے میں انہیں زبانی، جسمانی، ذہنی بدسلوکی اور ذلت ملی۔‘
اپنے زمانے میں بالی وڈ کی خوب صورت ترین ہیروئنز میں شمار ہونے والی اداکارہ نے سلمان خان کے ساتھ اپنے رشتے کو ’نہایت ناخوش گوار تجربہ قرار دیا۔‘
وہ اس بات سے بھی پریشان تھیں کہ کس طرح غلط معلومات اور جھوٹی افواہوں سے ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے ایشوریہ کا دعویٰ تھا کہ سلمان خان کے رشتے دار اور دوست ان کی ساکھ اور کاروباری رابطوں کو نقصان پہنچانے کے لیے غلط معلومات پھیلا رہے تھے۔