Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب عمران ہاشمی نے ایشوریا رائے کو ’پلاسٹک‘ کہہ دیا

عمران ہاشمی حال ہی میں سلمان خان کے ساتھ فلم ’ٹائیگر 3‘ میں نظر آئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکار عمران ہاشمی ایک بار پھر خبروں میں ہیں جس کی وجہ سلمان خان کے ساتھ اُن کی نئی فلم ’ٹائیگر 3‘ ہے جس میں انہوں نے منفی کردار ادا کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق عمران ہاشمی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے ٹی وی پروگرامز میں نہ جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں نے اپنے بہت دشمن بنا لیے تھے۔‘
اُن سے پوچھا گیا کہ ’آپ نے ٹی وی پروگرامز میں جانا کیوں بند کردیا‘ تو انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں میں یہ سب ہینڈل نہیں کر سکتا۔‘
خیال رہے عمران ہاشمی 2014 میں اپنے انکل مہیش بھٹ کے ساتھ پروگرام ’کافی وِد کرن‘ میں شریک ہوئے تھے جہاں ان کی جانب سے دیے گئے جوابات کے باعث اداکار پر کافی تنقید ہوئی تھی۔
اس پروگرام میں جب کرن جوہر نے اُن سے پوچھا کہ ’ایشوریا رائے بچن کا نام سُنتے ہیں آپ کے دماغ میں کیا لفظ آتا ہے؟‘ عمران ہاشمی نے اس سوال کے جواب میں کہا ’پلاسٹک‘۔
اسی پروگرام کے دوران عمران ہاشمی نے شردھا کپور کی جسامت کے بارے میں کہا تھا کہ ’اںہیں کچھ کھانا پینا چاہیے۔‘
اس پروگرام کے بعد عمران ہاشمی کو وضاحت بھی جاری کرنی پڑی تھی کہ وہ ایشوریا رائے اور شردھا کپور دونوں کی بہت عزت کرتے ہیں۔
اپنے 2014 کے انٹرویو پر روشنی ڈالتے ہوئے عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’اگر میں پھر کافی وِد کرن پر جاتا ہوں تو پھر چیزیں بگڑ جائیں گی۔ میں ریپِڈ فائر راؤنڈ میں پھر خراب جوابات دوں گا اور معاملات خراب ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے دِل میں ان لوگوں کے خلاف کچھ بھی نہیں، میں صرف جیتنا چاہتا ہوں اور پھر یہ ایک مقابلہ بن جاتا ہے اور آپ الٹی سیدھی باتیں کر دیتے ہیں۔‘

شیئر: