دنیا کے 144 بہترین کیوئسٹ کو اہم درجہ بندی کے لیے دعوت دی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے گرین ہالز میں منگل کو ہونے والی سنوکر ماسٹرز ٹور کی افتتاحی تقریب میں دنیا کے ٹاپ 16 رینکنگ والے سنوکر ماسٹرز کا خیرمقدم کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق ورلڈ سنوکر ماسٹرز ٹور تاریخ کی سب سے بڑی چیمپئن شپ ہے جس میں دنیا کے 144 بہترین کیوئسٹ کو ٹائٹل اور اہم درجہ بندی پوائنٹس کے لیے دعوت دی گئی ہے۔
ورلڈ سنوکر ٹور کے تحت ریاض میں ہونے والے 7 ستمبر تک جاری رہنے والے چار روزہ مقابلوں کے بعد ٹور کے سرفہرست 16 ایلیٹ کھلاڑی کوالیفائی کر لیں گے۔
ریاض میں سنوکر مقابلوں کے آغاز سے قبل گذشتہ رات مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے عالمی سنوکر چیمپئن نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
عالمی سنوکر میں اب تک کے سب سے بڑے کھلاڑی سمجھے جانے اور سات بار کے ورلڈ سنوکر چیمپئن انگلینڈ کے رونی او سلیوان روایتی سعودی لباس میں ملبوس تقریب میں موجود تھے۔
رونی او سلیوان نے کہا ’مملکت میں واقعی یہ بڑا اقدام ہے اور یہ بہترین ایونٹ ہے، میں نے اتنے خوش سنوکر کھلاڑی کبھی نہیں دیکھے، یہاں آکر ہر کوئی پرجوش ہے۔‘
ورلڈ سنوکر چیمپئن نے مزید کہا ’ہم مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، اچھا کھیلنا چاہتے ہیں اور سعودی عرب کے شائقین کے لیے واقعی بہترین ’سنوکر شو‘ پیش کرنا چاہتے ہیں۔‘
تمام سرفہرست کھلاڑی اس ایونٹ میں شامل ہونے والے ہیں اور امید ہے کہ ہر کوئی بہترین کھیل پیش کرے گا اور تماشائی ممکنہ طور پر انجوائے کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب سہولیات ، ماحول، کھیل کا مقام ، سنوکر ٹیبلز قابل ستائش ہیں۔
سعودی عرب سنوکر ماسٹرز سعودی عرب کی وزارت کھیل، سعودی عربین بلیئرڈز اینڈ سنوکر فیڈریشن اور میچ روم سپورٹ کے درمیان آئندہ دہائی کے لیے یہ مستحکم اشتراک کا حصہ ہے۔
اس موقعے پر میچ روم ملٹی سپورٹ کی سی ای او ایملی فریزر نے بتایا ’یہ ایونٹ ہمارے لیے دنیا کا سفر کرنے، کھیل کو ترقی دینے اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے مقابلے کے نئے مواقع پیدا کرنے میں عمدہ پیش رفت ثابت ہوگا۔‘
ایملی فریزر نے کہا ’سعودی عرب سنوکر کی سب سے نئی بڑی چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے نہایت اہم امیدوار تھا۔‘
’ہم یہاں صرف اس تقریب کے لیے نہیں بلکہ یہاں مستقبل کے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے اور علاقائی، قومی و عالمی ہر سطح پر سنوکر کو مزید ترقی دینے کے لیے موجود ہیں۔‘
سعودی بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر ناصر الشمری نے مملکت میں سنوکر ماسٹرز کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مقامی کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے نئے مواقع پر کی تفصیلات بتائیں۔
فیڈریشن کے صدر نے کہا ’مملکت میں سنوکر کے لیے یہ ایونٹ اہم سنگ میل اور ایسا لمحہ ہے جو روشن مستقبل کی راہ ہموار کر رہا ہے۔‘
مقامی شائقین جو برسہا برس سے سنوکر کے کھیل کو پسند کرتے ہیں اب اگلی دہائی کے لیے عالمی سطح کے ایونٹ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتا ہوا دیکھیں گے۔
ریاض میں ہونے والا ورلڈ سنوکر ٹور سعودی عرب میں اس کھیل میں آنے والے نئی کھلاڑیوں کے لیے متاثر کن اور مفید ہو گا۔