Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سنوکر کے عالمی مقابلے

ورلڈ چیمپن کا ٹائیٹل جیتنے والے کو 5 لاکھ پونڈ کا انعام دیا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کی تاریخ میں آئندہ برس  پہلی بارسنوکرکے عالمی مقابلے منعقد ہوں گے ۔ مقابلوں کے لیے سعودی سپورٹس اتھارٹی اور ورلڈ سنوکرز کے مابین معاہدہ ہو گیا ہے۔
معاہدے کے مطابق آئندہ برس عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے مقابلے 4 اکتوبر سے شروع ہوں گے جو 20 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ معاہدے میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر جیتنے والوں کو 2.5 ملین پونڈ دیے جائیں گے۔ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل حاصل کرنے والے کے لیے 5 لاکھ پونڈ کا انعام رکھا گیا ہے۔
نیوز ویب سائٹ ’سبق‘ کے مطابق سنوکر کے عالمی مقابلے میں 126 کھلاڑی شرکت کریں گے جن میں چار سعودی بھی شامل ہیں۔ 

سعودی عرب میں سنوکر کے عالمی مقابلوں کا انعقاد آئندہ برس ہوگا (فوٹو: سبق نیوز) 

جنرل سپورٹس اتھارٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل آل سعود کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’سنوکر مقابلوں کی میزبانی سے سعودی سپورٹس اتھارٹی کے تحت  باقاعدہ طورپر ایک اور کھیل کا اضافہ ہو گا، قبل ازیں کار ریسنگ اور باکسنگ جیسے عالمی مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا جاچکا ہے، ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ سنوکر چیمپن شپ کو بھی شامل کیا جارہا ہے جو آئندہ برس 2020 میں ہوگا۔‘
دوسری جانب  ورلڈ سنوکرز کے نگران  باری ہیرن کا کہنا ہے کہ 'ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ سنوکر کا کھیل مشرقی وسطیٰ میں بھی رواج پائے گا اور اسے باقاعدہ طور پر سپورٹس اتھارٹی کی سرپرستی حاصل ہو گی۔‘
ہیرن نے مزید کہا تھا کہ سعودی عرب میں سپورٹس کے تماشائیوں اور شائقین کی بڑی تعداد ہے، سنوکر کے مقابلے سے انہیں اس میدان میں عظیم الشان مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
واضح رہے سعودی جنرل سپورٹس اتھارٹی اور ورلڈ اسنوکرز  کے مابین 10 سالہ معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت سالانہ عالمی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

شیئر: