Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب دبئی میں اپنا قیام قانونی بنا سکیں گے‘، اصلاح حال مہم کا خیرمقدم

حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت سے غیرقانونی تارکین کو فائدہ ہوگا (فوٹو :امارات الیوم)
اماراتی حکومت کی جانب سے غیرقانونی طور پر مقیم لوگوں کے لیے یکم ستمبر سے دو ماہ کے لیے اصلاح حال کی مہم کو خوش آئند اقدام قرار دیا گیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی میں ایسے تارکین جو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رہ رہے تھے انہیں اصلاح حال کے لیے حکومت کی جانب سے مہلت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ان افراد کو جو دبئی میں رہنے کے خواہشمند ہیں انہیں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے قیام کو قانونی شکل دیں یا وہ مقررہ مہلت کے دوران امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اپنے ملک روانہ ہوسکتے ہیں۔
 نجی سیکٹر سے تعلق رکھنے والوں نے اقامہ قوانین میں نرمی اور اصلاح حال کی مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مارکیٹ کے لیے مثبت اقدام قرار دیا ہے۔
نجی کاروباری شعبے سے تعلق رکھنے والوں کا کہنا ہے کارکنوں کی اصلاح حال مہم سے مارکیٹ کو فائدہ ہوگا۔ کارکنوں کی اقامت کو قانونی شکل دینے کے بعد مارکیٹ کو افرادی قوت میسر ہو گی جس سے دونوں کے حقوق کا تحفظ ہو گا۔
مصر سے تعلق رکھنے والے کارکن کا کہنا تھا ’دو برس سے زائد مدت تک غیرقانونی طور پر مقیم تھا۔اب یہ مہلت جو حکومت کی جانب سے دی گئی ہے اس سے فائدہ ہوگا۔‘
پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک کارکن کا کہنا تھا ’گزشتہ ایک برس سے زیادہ کا عرصہ غیرقانونی طور پر دبئی میں مقیم ہوں۔ اس دوران کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کام کی اجرت بھی کم ملتی تھی اب جبکہ اصلاح حال کی مہم جاری کی گئی ہے اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ اپنا قیام قانونی بنا سکوں گا جس سے معاشی حالت بھی بہتر ہو گی۔‘
انڈیا سے تعلق رکھنے والے کارکن کا کہنا تھا ’غیرقانونی طور پر مقیم رہنے کی وجہ سے مجھے صحت کے معاملات میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا اب جبکہ اصلاح حال کے اعلان سے اپنے قیام کو قانونی شکل دینے کے بعد بہتر روزگار اور دیگر سہولیتں حاصل کرنے کا اہل ہو جاؤں گا۔‘
دوسری جانب کاروباری افراد نے بھی اس مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مارکیٹ کے لیے بھی بہت بہتر فیصلہ کہا ہے۔ تجارتی افراد کا کہنا تھا ’قانونی کارکنوں کی وجہ سے انہیں بے خوف ہو کر کام کرنے میں آسانی ہو گی جس سے مارکیٹ کی صورتحال بھی بہتر ہو گی۔‘

شیئر: