دبئی میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی مہلت سے کیسے فائدہ اٹھائیں؟
ایگزٹ کی کارروائی مکمل کرنے سے قبل ٹکٹ بک نہ کریں (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کے اقامہ اور غیرملکیوں کے امور کے ادارے کا کہنا ہے’غیرقانونی طورپر مقیم افراد ایگزٹ کی کارروائی مکمل کرنے سے قبل ٹکٹ بک نہ کریں‘۔
’ادارے سے فائنل ایگزٹ کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد وطن روانگی کےلیے سیٹ بک کرائی جاسکتی ہے۔ ایگزٹ کی درخواست دینے کے بعد کم ازکم 48 گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے‘۔
امارات الیوم کے مطابق حکومت دبئی کی جانب سے غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کے لیے انسانی بنیادوں پرخصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں اپنے قیام کو قانونی شکل دینے یا ملک سے نکل جانے کی مہلت دی ہے۔
دبئی ادارہ اقامہ کی جانب سے غیرقانونی طورپرمقیم افراد کو کہا گیا ہے کہ’ وہ دی گئی مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے رہائشی معاملات کو قانونی دائرے میں لے آئیں یا واپس اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں‘۔
ادارے کا کہنا ہے’ وہ افراد جو واپس جانے کے خواہشمند ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ادارے سے رجوع کریں جہاں سے انہیں کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جس کے بعد وہ روانگی کےلیے سیٹ بک کرسکتے ہیں‘۔
واضح رہے ادارے کی جانب سے اصلاح حال کی مہم کا اعلان ہوتے ہی غیرقانونی طورپر مقیم افراد نے ٹکٹ خریدار اور سامان کے ساتھ ہی ادارے کے باہر جمع ہوگئے۔
ایگزٹ کی کارروائی مکمل ہونے سے قبل ہی جن افراد نے اپنی سیٹیں بک کرلی تھیں۔ ان کے ٹکٹ ضائع ہو گئے جس کی وجہ سے انہوں نے ادارہ سے رجوع کیا جہاں سے انہیں ہدایت کی گئی کہ جب تک فائنل ایگزٹ کی کارروائی مکمل نہیں ہوجاتی اس وقت تک ٹکٹ نہ خریدا جائے۔