Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل ایونٹ 2024: مصنوعی ذہانت سے لیس آئی فون 16 سمیت دیگر پراڈکٹس لانچ

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون 16 اور آئی فون 16  پرو لانچ کر دیے ہیں۔
پیر کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم ایپل پارک میں ایپل کے سال 2024  کے ایونٹ کی نشریات یوٹیوب پر لائیو نشر کی گئیں۔
ایپل ایونٹ  میں آئی فون 16، آئی فون 16 پرو، ایپل واچ ٹین، ایپل واچ الٹرا ٹو، ایئرپاڈز میکس، ایئرپاڈز 4 متعارف کروائے گئے۔

آئی فون 16


تصویو: ایپل 

 
ایپل کے مطابق آئی فون 16  ایپل مصنوعی ذہانت کے لیے تخلیق کیا گیا ہے۔ اس نئے آئی فون میں ایرو سپیس گریڈ ایلومینیم استعمال کیا گیا ہے، جو صارفین کو الٹرا مرین، ٹیِل، پِنک، وائٹ اور بلیک رنگوں میں میسر ہوگا۔
آئی فون 16 کی سکرین کا سائز 6.1 انچ جبکہ آئی فون 16 پلس کی سکرین کا سائز 6.7 انچ ہوگا۔
اس سال آئی فون 16 میں ایکشن بٹن بھی مہیا کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جو سب سے اہم فیچر ایپل نے متعارف کروایا ہے وہ کیمرا کنٹرول بٹن ہے۔
کیمرا کنٹرول بٹن کے ایک کلک کے ساتھ صارفین کیمرے تک فوری رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس بٹن پر انگلی کو سلائیڈ کرکے صارفین کیمرے کی مختلف خصوصیات جیسے زوم اور کیمرہ موڈز کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔ بٹن کو ایک مرتبہ دبانے سے فوٹو، جبکہ دبائے رکھنے سے ویڈیو ریکارڈ کی جاسکے گی۔
آئی فون 16 میں ایک بالکل نئی A18 چپ متعارف کروائی گئی ہے جو ایپل کے مطابق آئی فون 15  کے مقابلے میں تیس گنا زیادہ تیز رفتار ہے۔


فوٹو: ایپل

 
آئی فون 16 اور 16 پلس میں 48 میگا پکسل کا مین کیمرا اور 2x  ٹیلی فوٹو کیمرا دیا گیا ہے جو 60 فریمز فی سیکنڈ پر  4kویڈیوز ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایپل کے مطابق آئی فون 16 میں دونوں کیمروں کا امتزاج ایسے کیا گیا ہے کہ صارفین ان کی مدد سے الٹرا وائڈ، میکرو اور سپیشئل فوٹوگرافی بھی کر پائیں گے۔ اس ٹیکنالوجی کو ایپل نے فور کیمرہ فیوژن کا نام دیا ہے۔
آئی فون 16 کی قیمت 799 امریکی ڈالر جبکہ آئی فون  16 پلس کی قیمت 899 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ دونوں ماڈلز 20 ستمبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔

 

آئی فون 16 پرو


فوٹو: ایپل

آئی فون 16  کے ساتھ ہی ایپل نے آئی فون 16 پرو اور آئی فون 16 پرو میکس بھی لانچ کر دیے ہیں۔ یہ ایپل کے زیادہ پریمیم فونز ہیں جن میں آئی فون 16  ماڈلز کے مقابلے میں اچھی سکرینز اور کیمرے ہیں۔
ایپل کے آئی فون 16 پرو میں 6.3 انچ ڈسپلے اور 16 پرو میکس میں 6.9 انچ ڈسپلے ہے، جو پچھلے ماڈلز سے کافی بڑا ہے۔ ایپل کے مطابق آئی فون 16 پرو ماڈلز میں کسی بھی ایپل پراڈکٹ کی اب تک کی سب سے پتلی بیزلز بنائی گئی ہیں۔
آئی فون 16 پرو میں بھی ٹائٹینیم باڈی دی گئی ہے اور اس سال اس فون کے چار رنگ متعارف کروائے گئے ہیں جن میں وائٹ، بلیک، نیچرل اور ڈیزرٹ ٹائٹینیم شامل ہیں۔
ایپل کے مطابق آئی فون 16 پرو میکس میں ’اب تک کی بہترین آئی فون بیٹری لائف‘ ہے لیکن اس حوالے سے ایونٹ میں کوئی تفصیلات پیش نہیں کی گئیں۔


فوٹو: ایپل

 
آئی فون 16 پرو ماڈلز میں A18  پرو چپ دی گئی ہے جو ایپل کے مطابق ان کی اب تک کی سب سے طاقتور ترین مائکرو چپ ہے۔
ایپل کے مطابق اے 18 پرو چپ آئی فون 16  پرو کے نئے کیمرے کی خصوصیات کو سہارا دیتی ہے، جس میں ایک نیا 48 میگا پکسل کا "فیوژن کیمرا" شامل ہے، جو ڈیٹا کو دوگنی تیزی سے پڑھ سکتا ہے، اور 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرہ جو وسیع زاویہ کے شاٹس کیپچر کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ آئی فون 16 پرو کے کیمرے میں 5x  ٹیلی فوٹو کیمرا بھی موجود ہے جو زوم فوٹوز کے لیے مزید تفصیل شامل کرنے میں مدد کرتا ہے۔
ساتھ ہی ساتھ ایپل نےفور کے  میں 120 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے ویڈیو کیپچر بھی متعارف کرایا ہے، جو آئی فون کیمرہ کا ’اب تک کا سب سے زیادہ ریزولوشن اور فریم ریٹ ہے‘۔
ایپل کے مطابق آئی فون 16  پرو ماڈلز میں چار ’سٹوڈیو کوالٹی‘ مائکس ہیں، جو سٹوڈیو کوالٹی ریکارڈنگ کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ اس میں ایک نیا ’آڈیو مکس‘ فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے، اس فیچر کو استعمال کر کے صارفین مشین لرننگ کی مدد سے آڈیو ریکارڈنگز میں سے بیک گراؤنڈز سے غیر ضروری آوازیں بھی خارج کر سکیں گے۔
آئی فون 16  پرو کی قیمت 999 امریکی ڈالر جبکہ 16  پرو میکس کی قیمت 1199  امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ دونوں آئی فون کی سٹورز میں سیل 20  ستمبر سے شروع ہوگی، جبکہ 13  ستمبر سے صارفین پری بکنگ کرا سکیں گے
ایئر پوڈذ 4
ایپل نے ایچ ٹو چپ پر مبنی ایئر پوڈز فور بھی متعارف کروا دیے ہیں۔
ایپل کے مطابق ان میں بہتر آڈیو کوالٹی کے ساتھ پرسنلائزڈ سپیشئل آڈیو کا فیچر متعارف  کروایا گیا ہے۔ صارفین اب اپنے سر کو ہاں یا نہیں کے اشاروں سے سِری کی مدد سے کالز اٹھا اور کینسل کر سکیں گے۔
ایئر پوڈز  4  میں صارفین کو 30 گھنٹے کا بیٹری بیک اپ ملے گا اور ان کا کیس یو ایس بی سی ٹائپ کیبل سے چارج ہوگا، ساتھ ہی ساتھ اس میں وائر لیس چارجنگ کی سہولت بھی میسر ہوگی۔


فوٹو: ایپل

 
مزید فیچرز میں ایکٹو نوائز کینسلیشن بھی شامل ہیں اور ایئرپوڈز 4 آپ کے ارد گرد کے ماحول کے حساب سے آپکی آڈیو کو آٹو میٹ بھی کریں گے۔ اگر آپ کے گانے سننے کے دوران کوئی آپ سے بات کرنے لگتا ہے تو ایئر پوڈز خود کار طور پر گانے کی آواز کو مدھم کر دیں گے۔
ایئرپوڈز4 کا بیس ویرئنٹ 129  امریکی ڈالر جبکہ  ایئرپوڈز 4  کا نوائز کینسلیشن ویرئنٹ 179   امریکی ڈالر کا ہوگا۔
دوسری جانب ایپل نے ایئرپوڈز پرو 2 کے لیے نیا ’ہیئرنگ ایڈ‘ فیچر متعارف کروایا ہے جس سے ان افراد کو سننے میں مدد حاصل ہوگی جن کی قوت سماعت کمزور ہے۔ ایپل کے مطابق اس فیچر کو ایف ڈی اے سے کلیئرنس کے بعد متعارف کیا جائے گا۔


فوٹو: ایپل

 
جہاں ایئر پوڈز کا ذکر کیا گیا، وہیں ایپل کے ایئرپوڈز میکس میں کوئی خاص اپگریڈ دکھائی نہیں دیے۔  ایئرپوڈز میکس میں یو ایس بی سی چارجنگ دی گئی ہے اور تین نئے رنگ متعارف کیے گئے ہیں جن میں اورنج، پرپل اور سٹارلائٹ شامل ہیں۔


فوٹو: ایپل

 
ایئر پوڈز میکس کی قیمت 549  امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔
ایپل واچ 10  اور ایپل واچ الٹرا 2
ایپل نے ابھی ابھی تک کے سب سے پتلے ڈیزائن کے ساتھ ایپل واچ سیریز 10 کا اعلان کیا ہے- یہ ڈیزائن سیریز 9 سے 10 فیصد پتلا ہے اور اب تک کا سب سے بڑا ڈسپلے رکھتا ہے۔
ایپل کے چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیمز نے اس ماڈل کو متعارف کرایا، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اب تک کا سب سے بڑا پہننے کے قابل ڈسپلے بنایا ہے‘-


فوٹو: ایپل

 
ایپل واچ ٹین کا ڈسپلے ایپل واچ الٹرا سے بھی بڑا ہے اور اس میں 30فیصد زیادہ سکرین ایریا ہے۔ اس میں پیغامات، میلز یا خبروں کے لیے سمریز کی ایک اضافی لائن بھی نظر آئے گی۔
سیریز 10 ڈسپلے کسی بھی زاویے سے دیکھنے پر 40فیصد تک روشن ہو گا۔ ڈسپلے پہلے کی طرح ایک منٹ میں ایک بار اپڈیٹ ہونے کی بجائے ہر سیکنڈ اپڈیٹ ہوا کرے گا۔
ایپل نے جیٹ بلیک کلر میں ایپل واچ کے لیے پہلی بار چمکدار ایلومینیم فِنش بھی متعارف کرایا ہے۔ اسے سلیکون نینو پارٹیکلز کا استعمال کرتے ہوئے پالش کیا گیا ہے۔
ایپل واچ 10  میں جیٹ بلیک، الومینیم الائے، وارم روز اور سلور الومنینم رنگ شامل ہیں۔
اس کی دیگر خصوصیات میں صارفین اب میوزک اور ویڈیوز اپنی واچ پر دیکھ اور سن سکیں گے۔ اس واچ کی واٹر رسسٹسنز بھی 50  میٹر تک بڑھا دی گئی ہے اور فاسٹ چارجنگ کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے جس کی مدد سے صارفین اپنی واچ ٹین کو تیس منٹ میں 80  فیصد تک چارج کر سکیں گے۔
دوسری جانب سٹین لیس سٹیل کی جگہ اس بار ایپل نے واچ ٹین کے لیے پولیش ٹائٹینیم متعارف کروایا ہے جس میں نیچرل، گولڈ اور گرے رنگ شامل ہوں گے۔
ایپل واچ ٹین میں صارف ایپل انٹیلی جینس کا استعمال بھی کر سکیں گے اور یہ انہیں سلیپ اپنیا جیسے طبی مسائل کی نشاندہی کرنے میں بھی مدد دے گی۔


فوٹو: ایپل

 
واچ او ایس 11  پر آپریٹ کرنے والی واچ ٹین صارفین کو 18  گھنٹے کا بیٹری بیک اپ فراہم کرے گی۔ اس واچ کی قیمت 399  امریکی ڈالر سے شروع ہو رہی ہے۔
دوسری جانب ایپل کی سب سے جدید واچ الٹرا ٹو بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔ اس واچ میں ایتھلیٹس اور ہائی اینڈ سپورٹس کی شخصیات کے لیے ایڈوانسڈ فیچرز مہیا کیے گئے ہیں، جیسے کہ جی پی ایس، کسٹم ورک آؤٹس، آٹو میٹک لیپ کاؤنٹس، کمپس، آف لائن میپس وغیرہ۔ واچ الٹرا ٹو کی قیمت  799امریکی ڈالرز ہے۔


فوٹو: ایپل

 

شیئر: