Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر نواف المالکی سے پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نےپاکستان کی جانب سے سٹرکچرل اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے عمل کی تحسین کی ہے (فائل فوٹو: وزارت خزانہ)
پاکستان کے وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق یہ ملاقات بدھ کو اسلام آباد میں ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق اس موقعے پر وزیر خزانہ نے پائیدار معاشی نمو اور استحکام کے لیے سٹرکچرل ریفارمز کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مسلسل معاشی تعاون کو سراہا ہے اور انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کے پاکستان کے نجی شعبے میں تعاون اور دلچسپی کے اظہار پر بھی روشنی ڈالی ہے۔
وزیرخزانہ نے رواں برس واشنگٹن میں سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سی ای او عبدالرحمان المرشد سے ہونے والی مفید ملاقاتوں کا تذکرہ بھی کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے مئی میں سعودی عرب سے پاکستان آنے والے اعلیٰ سطح کے ایک وفد حوالہ بھی دیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نےپاکستان کی جانب سے سٹرکچرل اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے عمل کی تحسین کی ہے اور مملکت کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کے اپنے عزم کو دہرایا ہے۔
’انہوں نے عندیہ ظاہر کیا کہ آئندہ مہینوں میں سعودی کاروباری افراد کا وفد مشترکہ منصوبوں اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان آئے گا۔‘

شیئر: