Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

7 اکتوبر کا حملہ روکنے میں ناکامی، اسرائیلی انٹیلیجنس یونٹ کے سربراہ مستعفی

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے ننتیجے میں 41 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی خفیہ ادارے کے ایلیٹ یونٹ کے سربراہ حماس کی جانب سے کیے گئے 7 اکتوبر کے حملوں کو روکنے میں ناکامی پر عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جاری بیان میں کہا کہ ’8200 یونٹ کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل یوسی سیریئل نے اپنی پوزیشن سےمستعفی ہونے کے حوالے سے کمانڈروں اور اپنے ماتحت افسران کو آگاہ کر دیا ہے۔‘
بیان کے مطابق بریگیڈیر جنرل یوسی سیریئل مستقبل قریب میں اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔
اسرائیلی خفیہ ادارے کا انتہائی اہم یونٹ 8200 انٹیلی جنس سگنلز اور پیغامات کا مشاہدہ اور انہیں ڈی کوڈ کرنے کا کام کرتا ہے۔
حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے لیے انتہائی مشکل صورتحال پیدا ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں اس کے کمانڈر میجر جنرل اہارون ہالیوا نے رواں سال اپریل میں اپنا استعفیٰ دے دیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ حملے کو روکنے میں ڈائیریکٹوریٹ ناکام رہا لہٰذا اہارون ہالیوا کو اپنی ڈیوٹی سے دستبردار کیا جاتا ہے۔
جمعرات کو اسرائیلی میڈیا نے یوسی ساریئل کے استعفے کی کاپی اپنی سکرینز پر دکھائی جس میں انہوں نے اپنے مشن میں پورا نہ اترنے پر ’معافی‘ مانگی ہوئی ہے۔
جون میں اسرائیلی پبلک براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے یونٹ 8200 کی ایک انٹیلی جنس بریفنگ کا انکشاف کیا تھا جو ستمبر 2023 میں تیار کی گئی تھی اور جس میں حماس کی جانب سے حملے کی ٹریننگ سے متعلق عسکری حکام کو خبردار کیا گیا تھا۔
براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے کہا تھا کہ یونٹ 8200 کی اس بریفنگ میں یرغمال بنانے کے لیے حماس کے جنگجوؤں کو دی گئی ٹریننگ اور جنوبی اسرائیل میں فوجی ٹھکانوں اور اسرائیلی کمیونیٹی پر چھاپوں کے منصوبے کی تفصیلات شامل تھیں۔
خیال رہے کہ حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے میں 1,205 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تعداد شہریوں کی ہے جبکہ اس کے بدلے میں اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار 118 افراد غزہ میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: