Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد بن سلمان سعودی وژن کے معمار

  ریاض .... سعودی اور غیر ملکی تجزیہ نگاروں نے اعتراف کیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان سعودی وژن کے معمار اور اتحاد ساز رہنما ہیں۔انہیں ولی عہد اور نائب وزیراعظم کے منصب پر تعینات کرکے انتہائی حکیمانہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک تجزیہ نگار نے توجہ دلائی کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے جب بارہویں کلاس کا امتحان دیاتھا تو وہ پورے ملک کی سطح پر اول آنے والے 10طلباءمیں شامل تھے۔ انہیں بچپن سے ہی بحرانوں اور چیلنجوں سے نمٹنے کاشوق تھا۔ انہوں نے کنگ سعود یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی تعلیم امتیازی نمبروں سے حاصل کی تھی۔شہزادہ محمد بن سلمان کو اپریل 2007ءمیں سعودی کابینہ کے ماہرین بورڈ کا مشیر مقرر کیا گیا۔ دسمبر 2009ءمیں گورنر ریاض (شہزادہ سلمان) کا نجی مشیر متعین کیا گیا۔ پھر انہیں ریاض مسابقتی مرکز کا سیکریٹری جنرل اور کنگ عبدالعزیز اکیڈمی کی مجلس انتظامیہ کے چیئرمین کا مشیر خاص نیز الدرعیہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا رکن بنایا گیا۔ 2013ءکے آغاز میں ولی عہد کے نجی امور اور دفتر کا نگراں و مشیر خاص مقرر کیا گیا۔مارچ 2013ءمیں انہیں ولی عہد کے ایوان کا صدر اور مشیر خاص بدرجہ وزیر متعین کیا گیا۔ جولائی 2013ءمیں وزیر دفاع کے دفتر کا سربراہ بنایا گیا۔ اپریل 2014ءمیں وزیر مملکت و رکن کابینہ متعین کیا گیا اور جب2015ءمیں شاہ سلمان ملک کے حکمراں بنے تو انہیں وزیر دفاع ، ایوان شاہی کا سربراہ اور شاہ سلمان کا نجی مشیر بنایا گیا۔ شاہ سلمان نے اپریل 2015 ءمیں انہیں نائب ولی عہد اور اقتصادی و ترقیاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد کی حیثیت سے سعودی عرب کے لئے طاقتور اتحاد تشکیل دیئے تاکہ علاقے میں استحکام پیدا ہو۔ انہوں نے سب سے پہلے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے فیصلہ کن طوفان اتحاد ترتیب دیاپھر انہوں نے دشمن طاقتوں کو دنداں شکن جواب دینے کیلئے اسلامی فوجی اتحاد قائم کیا۔ انہوں نے خطے کے بہت سارے مسائل کے سیاسی حل نکالنے اور نئے اتحاد قائم کرنے کیلئے چین، جاپان، روس ، امریکہ سمیت متعدد ممالک کے پے درپے دورے کئے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وژن 2030پروگرام پیش کرکے ملک میں داخلی اصلاحات کاا ہتمام کیا۔ انہوںنے ایسا جامع پروگرام تیار کیا جس میں ریاست کی تمام وزارتوں کو اقتصادی حل پیش کرنے اور تیل پر آمدنی کے واحد ذریعے کے طور پر انحصار ختم کرنے کی کوشش کی۔

شیئر: