سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیوں کے روشن مستقبل کی پیش گوئی
سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیوں کے روشن مستقبل کی پیش گوئی
بدھ 18 ستمبر 2024 20:57
آٹو شو سے مشرق وسطیٰ میں الیکٹرک گاڑیوں کے روشن مستقبل کی توقع ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہونے والے ’ای وی آٹو شو‘میں اس صنعت سے منسلک ماہرین کو الیکٹرک گاڑیوں کے مستقبل پر بات کرنے کے لیے دعوت دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 17 سے 19 ستمبر تک ہونے والے آٹو شو میں مملکت اور مشرق وسطیٰ میں الیکٹرک گاڑیوں کے روشن مستقبل کی توقع ہے جو مملکت میں نقل و حمل کے منظر نامے کو نئی شکل دے گا۔
سعودی ویژن 2030 کے مطابق اس منصوبے کا مقصد قومی معیشت کو مزید مضبوط بنانا اور پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
تین روزہ تقریب میں آٹومیکرز، چارجنگ سہولت فراہم کرنے والی کمپنیاں اور اہم پالیسی ساز مدعو کئے گئے ہیں جو علاقے میں ای وی مارکیٹ کی تبدیلی میں اشتراک کے خواہشمند ہیں۔
دبئی میں گلوبل ای موبلٹی کمپنی پی ڈبلیو سی کے مشیر ہیکو سیٹز نے تقریب میں الیکٹرک وہیکلز کو اپنانے کے لیے علاقے میں سازگار حالات پر روشنی ڈالی۔
ہیکو سیٹز نے بتایا ’مشرق وسطیٰ میں ہمارے پاس الیکٹرک وہیکلز کی بیٹری کی چارجنگ کے لیے یورپ میں نورڈکس کے مقابلے میں زیادہ سازگار درجہ حرارت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں کی آب و ہوا کے فوائد اور تکنیکی ترقی خطے کو برقی نقل و حرکت کی طرف منتقل کرنے والے اہم عوامل ہیں۔
ہیکو سیٹز نے ای وی مارکیٹ کے بارے میں بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں الیکٹرک کاروں کی قیمتیں قدرے کم ہیں۔
مارکیٹ میں مزید ماڈلز اور برانڈز آنے کے ساتھ ہی قیمتوں میں مزید کمی کی توقع کی ہے جس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں زیادہ سے زیادہ الیکٹرک گاڑیوں کا رحجان بڑھے گا۔
آئندہ دہائی کے دوران عالمی کار مارکیٹ کی ساخت میں ڈرامائی تبدیلی کی پیش گوئی کرتے ہوئے انہوں نے بتایا اب سے سات سال بعد دنیا میں دستیاب تمام گاڑیوں میں 30 فیصد بیٹری پر ہوں گی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں