Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: گولی چلانے کا علی امین گنڈاپور کا بیان ناکامی کا اعتراف ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

علی امین نے کہا کہ پنجاب کی حدود میں ہر 3 کلو میٹر پر ہم پر شیل اور گولیاں برساتے رہے۔ (فوٹو: ایکس)
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا وزیراعلی خیبرپختونخوا کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ کے پی حکومت چلانے کے قابل نہیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک ویڈیو بیان میں انقلاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا، تو اس پر گولی برسائی جائے گی۔
علی امین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی 9 مئی دہرانے کا اعلان ہے۔
’وزیراعلی خیبرپختون خوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں۔‘
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں۔

تم ایک گولی چلاؤ گے ہم 10 گولی چلائیں گے: گنڈاپور  

ایک ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں پہلے ہماری عزتوں، چارد اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا لیکن ہم نے ملک کے لیے اف تک نہیں کی، اب ہم پر بھی گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے 2 کارکنوں کو گولیاں ماری گئی، تیسرے کارکن کو گولی ماری گئی جس کا پتہ نہیں چل رہا، ہم پر سیدھے شیل مار کر 50 سے زیادہ کارکنوں کو زخمی کیا گیا۔
’پنجاب کی حدود میں ہر 3 کلو میٹر پر ہم پر شیل اور گولیاں برساتے رہے۔‘
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورا پاکستان ہمارا ہے، پورے ملک کو مبارک باد دیتا ہوں، آج کئی پولیس اہلکار ہمارے ہتھے چڑھے لیکن میں نے ان کو ریسکیو کیا۔
علی امین نے کہا کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا، تو اس پر گولی برسائی جائے گی، تم ایک گولی چلاؤ گے ہم 10 گولی چلائیں گے، تم ایک شیل اور لاٹھی ماروگے ہم 10 ماریں گے۔

’گنڈا پور دو نمبر مولا جٹ نہ بنیں، اپنے صوبے کے عوام کی فکر کریں‘

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین  گنڈا پور کے بیان پر ردعمل میں پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ علی امین دو نمبر مولا جٹ نہ بنیں، اپنے صوبے کے عوام کی فکر کریں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی وارث مریم نواز ہے جسے اپنے لوگوں کی حفاظت اور قانون کی رٹ قائم کرنا آتا ہے۔

 عظمٰی بخاری  نے کہا کہ کاہنہ میں غنڈہ گردی کے بعد پی ٹی آئی نے راولپنڈی پر یلغار کرنے کی ناکام کو شش کی۔
’ کے پی میں لوگ اغواء ہو رہے ہیں، ٹی ٹی پی والے املاک کو آگ لگا رہے ہیں۔  کے پی کے میں تعلیمی ادارے بند ہو رہے ہیں، واجب الادا قرض کا حجم 630 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔‘
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’پنجاب کی وارث مریم نواز ہے جسے اپنے لوگوں کی حفاظت اور قانون کی رٹ قائم کرنا آتا ہے۔ گنڈا پور کو سستی اداکاری اور دو نمبر مولا جٹ بننے سے فرصت ملے تو اسے پتا چلے کہ کے پی کے میں کیا ہو رہا ہے۔ کے پی میں نہ کام ہو رہا ہے ، نہ نظر آرہا ہے اور نہ کسی کو وہاں کے لوگوں کی فکر ہے۔

6 وفاقی وزارتوں سے متعلق فیصلہ کرلیا ہے: وزیرخزانہ 

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا 6 وفاقی وزارتوں سے متعلق فیصلہ کرلیا ہے، اب عمل درآمد کرنا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا ایف بی آر میں ٹیکس سسٹم میں انسانی عمل دخل ختم کرنا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ دو وفاقی وزارتوں کو ضم کیا جا رہا ہے، ایک کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے لیے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑی کامیابی ہے۔
’غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، کابینہ نے سیلری نہ لینے کا فیصلہ کیا، ہم نے کچھ اور چیزیں بھی کیں۔‘
وزیر خزانہ کا کہنا تھا ایف بی آر میں ٹیکس سسٹم میں انسانی عمل دخل ختم کرنا ہے، ٹیکس وصولی کے لیے انسانی حقوق کی پاس داری ضروری ہے۔
’ہمارے پاس ہر طرح کا ڈیٹا ہے جسے ہم زیر استعمال لائیں گے، اس وقت صرف 14 فیصد ریٹلرز سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں، نان رجسٹرڈ لوگوں کی یوٹیلیٹی سروسز بلاک کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایف بی آر کی استعداد کار کو بھی بڑھانا ہے، آڈٹ کرنا ایف بی آر کا کام نہیں، اس حوالے سے ہم 2000 چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بھرتی کر رہے ہیں، ٹیکس کلیکٹرز کا بھی کڑا احتساب ہو گا۔
 

شیئر: