Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: آئی فون کی ’قیمت کی ادائیگی سے بچنے کے لیے‘ ڈیلیوری بوائے کا قتل

آئی فون کی قیمت کی ادائگی سے بچنے کے لیے ڈلیوری بوائے کو قتل کیا گیا (فائل فوٹو: پکسا بے)
انڈیا کی ریاست اُترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آئی فون کی قیمت کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ڈیلیوری بوائے کو قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک خبر کے مطابق لکھنؤ کے ایک شخص نے ای کامرس ویب سائٹ سے کیش آن ڈیلیوری پر آئی فون آرڈر کیا تھا۔
اس کے بعد جب آئی فون لے کر ڈیلیوری بوائے دیے گئے پتے پر پہنچا تو آرڈر کرنے والے شخص نے قیمت کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ڈیلیوری بوائے کو ہی قتل کر دیا۔
اس آئی فون کی قیمت انڈین کرنسی میں ڈیڑھ لاکھ روپے تھی۔
ملزم نے ڈیلیوری بوائے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو اندرا نہر میں پھینک دیا تھا۔ حکام کے مطابق مقتول کی لاش کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے ڈپٹی کمشنر ششانک سنگھ نے بتایا ہے کہ گنجن کی جانب سے ای کامرس ویب سائٹ فلپ کارٹ سے آئی فون آرڈر کیا گیا اور اس آرڈر کی ادائیگی کا طریقہ کار کیش آن ڈلیوری رکھا گیا تھا۔
ڈیلیوری بوائے کی شناخت بھرت ساہو کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق نشاط گنج سے ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھرت ساہو آرڈر پہنچانے گنجن کے گھر گیا جہاں گنجن اور اس کے ایک ساتھی نے ڈیلیوری بوائے بھرت ساہو کو قتل کرنے کے بعد لاش ٹھکانے لگانے کی غرض سے اندرھا نہر میں پھینک دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’ڈیلیوری بوائے بھرت سہو 23 ستمبر کو آئی فون پہنچانے گنجن کے گھر گیا تھا۔‘
جب دو دن تک ڈیلیوری بوائے گھر نہ لوٹا تو اس کے خاندان نے پولیس سٹیشن میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھرت سہو کے موبائل کی مدد سے اس کی آخری لوکیشن کا پتہ لگایا جس کے بعد پولیس قاتل تک پہچنے میں کامیاب ہوئی۔

شیئر: