اُتراکھنڈ کے قصبے میں اچانک 71 لیمبرگینی گاڑیاں سڑکوں پر آ گئیں
سُپر کاریں دیکھنے کے لیے مقامی لوگوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا کی ریاست اُترا کھنڈ کا قصبہ میسوری اچانک اس وقت گرج دار آوازوں سے گونج اٹھا جب 71 لیمبرگینی گاڑیاں سڑکوں پر نمودار ہوئیں۔
این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق مہنگی گاڑیوں کا یہ میلہ ’لیمبرگینی گیرو ایونٹ‘ کا حصہ تھا۔
جب گاڑیوں کا قافلہ قصبے میں داخل ہوا تو تماشائی یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیوز وائرل ہو رہی ہے جس میں لیمبرگینی گاڑیوں کو میسوری میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
جبکہ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی سارے گاڑیوں کے شوقین افراد گلی کے کنارے پر کھڑے ہو کر سُپر کاروں کی آمد کا نظارہ کر رہے ہیں۔
مقامی لوگ، بچے حتی کہ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار بھی اس دلچسپ نظارے کو اپنے موبائل فون میں کیمرے کی مدد سے محفوظ کرتے رہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’میسوری کی مقامی انتطامیہ کی جانب سے لیمبرگینی کا یہ قافلہ گزارنے کے لیے خصوصی طور پر ٹریفک کو روک کر رکھی گئی، اگر آپ کا کبھی میسوری سے گزر ہوا ہو تو آپ کو علم ہو گا کہ یہاں کی سڑکوں پر کس قدر ٹریفک ہوتی ہے، لیکن سُپر کاروں کے قافلے کے لیے اٹھائے جانے والے خصوصی انتظامات یقینی طور پر کسی پاگل پن سے کم نہ تھے۔‘
کیپشن میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’دوسری طرف سُپر کاروں کو دیکھ کر عوام کے چہروں پر جو حیرت انگیز خوشی آئی وہ بھی دیدنی تھی۔‘
دی لیمبرگینی گیرو، سُپر کاروں کے مالکان اور انہیں پسند کرنے والوں کے لیے ترتیب دیا گیا ایک ایونٹ ہے جس میں لیمبر گینی کاروں کی مختلف سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں۔