خطے میں جو ہو رہا ہے وہ ’اجتماعی نسل کشی‘ ہے، امیرِ قطر
جمعرات 3 اکتوبر 2024 11:18
قطر کے امیر نے لبنان کے خلاف اسرائیلی آپریشن کی مذمت کی۔ فوٹو: روئٹرز
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بحران ’اجتماعی نسل کشی‘ ہے اور ان کا ملک ہمیشہ اسرائیل کو حاصل ’استثنیٰ‘ کے خلاف خبردار کرتا آیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دوحہ میں ایشیا تعاون ڈائیلاگ کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’یہ واضح ہو گیا ہے کہ جو بھی ہو رہا ہے وہ نسل کشی ہے، اس کے علاوہ غزہ کی پٹی کو ایسے علاقے میں تبدیل کر دیا گیا ہے جو انسانون کے رہنے کے لیے موزوں نہیں رہا۔‘
قطر کے امیر نے ’بھائی ملک لبنان‘ کے خلاف اسرائیلی فضائی حملوں اور ملٹری آپریشن کی بھی مذمت کی۔
اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کے الزامات کی ہمیشہ تردید کی ہے۔ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے غزہ میں 41 ہزار 500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
رواں ہفتے اسرائیل نے لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے خلاف زمینی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔
غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے حزب اللہ فلسطینیوں کی حمایت میں اسرائیل پر میزائل حملے کرتا آیا ہے۔