Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے سکولوں میں ای روزگار سینٹرز، ’طلبہ آن لائن کاروبار کر سکیں گے‘

روحان ذکی سمجھتے ہیں کہ طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے(فائل فوٹو: وزارت آئی ٹی)
انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جدید مہارتیں سیکھنے اور آن لائن کاروبار کرنے کا خواب رکھنے والے نوجوان طلبہ کے لیے اسلام آباد کے مختلف سکولوں اور کالجوں میں ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق ان ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس میں سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے طلبہ کے ساتھ ساتھ باہر سے آنے والے نوجوان بچے اور بچیاں بھی رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔
اسلام آباد کے پانچ سرکاری سکولوں میں قائم کیے گئے ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس میں مفت انٹرنیٹ سروسز، جدید کمپیوٹرز اور فری لانسنگ کی دیگر تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
وزارت تعلیم کے سیکرٹری محی الدین وانی کے مطابق سرکاری سکولوں و کالجوں میں موجود بڑے ہالز کو ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار سینٹرز میں تبدیل کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جڑے کورسز کروانا اور پھر اُنہیں وہیں پر آن لائن کاروبار کرنے کے لیے ایک جدید اور محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کے خیال میں سرکاری سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ طلبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
اس اقدام سے طلبہ کو روایتی نصابی سرگرمیوں سے ہٹ کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وسیع شعبے میں قدم جمانے کا موقع ملے گا۔
اس بارے میں سکریٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں بورڈ کے سلیبس کے ساتھ ساتھ بچوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کروایا جا رہا ہے۔‘
اُن کا کہنا ہے کہ ’وزارت تعلیم کا منصوبہ ہے کہ سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے یا باہر سے آنے والے دوسرے بچوں کو ان ٹیکنالوجی پارکس میں فری لانسنگ اور انٹرپرینورشپ کے حوالے سے ٹریننگ فراہم کی جائے اور پھر وہیں بچے اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آن لائن روزگار کا حصول بھی ممکن بنائیں۔‘
سیکرٹری وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ بچوں کو مفت انٹرنیٹ سروسز اور جدید کمپیوٹرز دیے گئے ہیں جنہیں وہ سیکھنے اور ای روزگار کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
نمایاں آئی ٹی کمپنیاں بھی ٹیکنالوجی پارکس کا دورہ کریں گی
سکریٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی کہتے ہیں کہ سرکاری سکولوں میں شروع کیے گئے ٹیکنالوجی پارکس میں آئی ٹی کی نمایاں کمپنیاں بھی دورہ کریں گی جو نوجوان طلبہ کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ اُنہیں نوکری کی بھی پیشکش کریں گی۔
وزارت تعلیم کی جانب سے اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس ٹو میں بھی ای روزگار سینٹر اور ٹیکنالوجی پارک قائم کیا گیا ہے۔

وزارت تعلیم کی جانب سے قائم کیے گئے یہ آئی ٹی پارکس اور سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے (فائل فوٹو: شٹرسٹاک+)

کالج کی پرنسپل پروفیسر صباح فیصل نے ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار سینٹرز کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ’اسلام آباد کے سکولوں میں موجود ہالز کو ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار سینٹرز میں تبدیل کیا گیا ہے تاکہ طلبہ انٹرپرینورز اور فری لانسرز کو بلامعاوضہ تمام سہولیات سے آراستہ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت کے اس اقدام سے وہ نوجوان بالخصوص بچیاں استفادہ کر سکتی ہیں جو وسائل کی کمی اور دیگر مسائل کی وجہ سے ای روزگار یا انٹرپرینورشپ کا خواب پورا نہیں کر پاتیں۔‘
پروفیسر صباح فیصل کے مطابق ابتدائی طور پر اسلام آباد کے پانچ سکول و کالجز میں ایسے ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار قائم کیے گئے ہیں جن میں سے تین سینٹرز اور پارکس کو لڑکوں اور دو کو نوجوان لڑکیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’وزارت تعلیم کی جانب سے قائم کیے گئے یہ آئی ٹی پارکس اور سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔‘
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سروسز فراہم کرنے میں وسیع تجربہ رکھنے والے روحان ذکی نے سرکاری تعلیمی اداروں میں ٹیکنالوجی پارکس،ای روزگار سینٹرز اور جدید کمپیوٹرز لیبز کے قیام کو انقلابی اقدام قرار دیا ہے۔
اُنہوں نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’روایتی نصابی کورسز کے علاوہ نوجوان بچوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آئی ٹی سے روشناس کروانے سے نہ صرف طلبہ کو سیکھنے کے نئے مواقع ملیں گے بلکہ قومی سطح پر بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔‘
روحان زکی سمجھتے ہیں کہ طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
’اگر بچوں کو سکول لیول سے ہی انٹرپرینورشپ، فری لانسنگ اور آئی ٹی کے دیگر کورسز کروائے جائیں گے تو یہ اقدام اُن کے روشن مستقبل کا بھی ضامن ہو گا۔‘

شیئر: