دبئی میں پرائیویٹ سکولوں کے غیرمعمولی ٹیچرز کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان
دبئی کے ولی عہد نے اساتذہ کے عالمی دن پر یہ اعلان کیا ہے ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات دبئی میں سنیچر کو پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر میں شاندار کارکردگی پر غیرمعمولی ماہرین تعلیم کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان کیا ہے۔
امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پردبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے اس کی منظوری دی ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی کے ولی عہد نے ایکس پلیٹ فارم پر لکھا’ اساتذہ کے عالمی دن پر ہم نے دبئی میں پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر میں نمایاں کارکردگی اور خدمات انجام دینے والے ممتاز اساتذہ کو گولڈن ویزا دینے کی ہدایت کی گئی ہے‘۔
’ہم ان کے مشن، ذہنوں کی تشکیل،آنے والی نسلوں کی پرورش اور قوموں کی ترقی میں ان کے انمول کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘۔
گولڈن ویزا، دبئی میں ارلی چائلڈ ہوڈ سینٹرز، سکولز اور ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز میں اساتذہ کو دیا جائے گا۔
یہ انیشیٹیو ان افراد کو تسلیم کرے گا جنہوں نے طلبہ کی تعلیمی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔