Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلاحی کاموں میں سرگرم افراد کے لیے بھی امارات کا گولڈن ویزا

ڈاکٹروں کے لیے گولڈن اقامے کا نیا طریقہ کار بھی جاری کیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک کے ایسے لوگ جو انسانیت نواز خدمات اور فلاحی کاموں میں سرگرم ہیں انہیں بھی گولڈن اقامہ دیا جائے گا۔ امارات کا یہ  اقدام ان کی کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس فیصلے کا اعلان انسانی خدمات کے بین الاقوامی دن کے موقع پر کیا ہے۔ پوری دنیا 19 اگست کو ہر سال انسانیت کا عالمی دن مناتی ہے۔  
شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ انسانی خدمات کے عالمی دن کے موقع پر انسانیت نواز ہیروز کے لیے اعزاز کا اعلان کر رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی تمام توانائیاں ضرورت مندوں کی خدمت اور  نادار معاشروں کی طرف دست تعاون کے لیے وقف کیے ہوئے ہیں۔  
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے مزید کہا کہ انسانیت نوازی کے قافلہ سالار ہی متحدہ عرب امارات کے حقیقی سفیر ہیں۔ یہ ایسے قابل قدر مثالی نمونے ہیں جن کی خدمات اور اقدامات پر ہمیں فخر ہے۔ امارات کی بنیاد خیرخواہی اور سخاوت پر قائم ہے۔  
انہو ں نے کہاکہ آئندہ پچاس برس کے دوران ہم امارات کو دنیا کا سب سے موثر انسانیت نواز مرکز بناکر دم لیں گے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گولڈن ویزا سسٹم کے ذریعے غیر ملکی تارکین اور ان کے اہل خانہ کو یہاں آکر کام کرنے، رہنے، پڑھنے اور طویل مدتی قیام کے مواقع ہیں۔
گولڈن ویزے کا 2018 میں ہوا تھا جس کے تحت جس میں سرمایہ کاروں، سائنسدانوں اور دیگر شعبوں سے وابستہ ماہرین کو  پانچ سے دس سال تک قیام کے طویل مدتی ویزے دیے گئے۔
فلاحی کام کرنے والوں کے لیے گولڈن ویزے کا اعلان انہیں متحدہ عرب امارات میں قیام اور کام جاری رکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس سے مقامی، علاقائی اور عالمی فلاحی اداروں اور انسانی ہمدردی تنظیموں کے درمیان رابطے کو فروغ ملے گا۔
ڈاکٹروں کے لیے گولڈن اقامے کا نیا طریقہ کار
متحدہ عرب امارت میں ابوظبی محکمہ صحت اور ادارہ تارکین نے ڈاکٹروں کے لیے گولڈن اقامہ سے متعلق کارروائی کا نیا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
 اس کا مقصد ابوظبی میں سکونت پذیر ڈاکٹروں کو گولڈن اقامے کی درخواستیں پیش کرنے میں سہولت دینا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ  یاس سینٹر کے ذریعے گولڈن اقامے کی کارروائی کریں۔اس میں دو ہفتے لگتے ہیں۔ گولڈن اقامے کے لیے منفرد پیکیج کی فیس 4 ہزار درہم ہے۔
دو اور پیکیج جاری کیے گئے ہیں۔ ان کی فیس 3470 درہم ہے۔ اس حوالے سے دو آپشن ہیں۔ پہلا آپشن ہے کہ رقم بینک کے ذریعے ٹرانسفر ہو۔ ایسی صورت میں 3470 درہم ادا کرنا ہوں گے جبکہ انٹرنیٹ کےذریعے فیس ادا کرنے کی صورت میں صرف 3547 درہم جمع کرانا ہوں گے۔ 
گولڈن اقامے کے امیدواروں کے لیے ویزا درخواست کے ساتھ  فیس کی ادائیگی کی سلپ پیش کرنا ہوگی۔ یہ سلپ ای میل [email protected]  پر ارسال کرنا ہوگی۔ گولڈن اقامے کی فیس انٹرنیٹ کے  ذریعے یاس سینٹر کی ویب سائٹ https://yastasheel.ae  پر بھی بھیجی جاسکتی ہے۔ 
محکمہ صحت ابوظبی اور ابوطبی ادارہ تارکین کے درمیان نئے معاہدے کے بعد یہ ضروری نہیں رہا کہ ڈاکٹر  گولڈن اقامے کے حوالے سے محکمہ صحت سے رابطہ کریں۔

شیئر: