ریاض فیشن ویک، عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر شرکت کریں گے
اتھارٹی کا کہنا ہے فیشن ویک چار روز تک جاری رہے گا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی فیشن اتھارٹی کا کہنا ہے ریاض فیشن ویک کا آغاز 17 اکتوبر کو ہوگا۔ ہفتہ فیشن میں عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر شرکت کریں گے جن میں عدنان اکبر، ودار الھنوف، تیما عابد اور ھنیدہ شامل ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے فیشن ویک چار روز تک جاری رہے گا جو ریاض میں تین مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔
مرکزی شو قصر طویق میں ہوگا جبکہ ڈیجیٹل سٹی اور جاکس محلے میں بھی فیشن شوز منعقد ہوں گے۔
فیشن شو میں اعلی ملبوسات کی نمائش ہو گی جبکہ سٹریٹ سٹائل اور شادی بیاہ میں استعمال ہونے والے ملبوسات کے علاوہ ایوننگ ڈریسز بھی پیش کیے جائیں گے۔
فیشن اتھارٹی کے سی ای او بارک چقماق نے بتایا ریاض فیشن ویک کا انعقاد مملکت میں اس شعبے کی ترویج میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے مقامی فیشن ڈیزائنرز کو بھی کافی اہم معلومات حاصل ہوں گی۔
سی ای او کا مزید کہنا تھا گزشتہ برس پہلا فیشن ویک منعقد کیا گیا تھا جو کامیاب رہا۔ اب اس کا دوسرا ایڈیشن پیش کیا جائے گا۔
اس سال پیرس میں ہونے والے فیشن ویک میں سعودی عرب کے 100 برانڈز کو متعارف کرایا گیا تھا جس سے اس شعبے میں سعودی عرب کی بھی عالمی سطح پر نمائندگی ہوئی۔