دس سالہ سعودی بچی فاطمہ الکتانی کےلیے ’قاری الواعد‘ ایوارڈ
منگل 15 اکتوبر 2024 21:29
سعودی بچی کا کہنا ہے مطالعہ کا شوق اپنے والد سے ملا ( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی بچی فاطمہ الکتانی کو’قاری الواعد‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ’اقرا‘ مقابلے کے انعقاد میں عرب ممالک سے دسیوں بچوں نے شرکت کی تھی۔
فاطمہ الکتانی اس وقت پانچویں کلاس کی طالبہ ہیں ان کا کہنا تھا کہ ’انہیں مطالعہ کا شوق اپنے والد سے ملا جو ہمیشہ کتب بینی کی ترغیب دیتے تھے‘۔
عاجل نیوز کے مطابق دس سالہ فاطمہ الکتانی نے سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام ’الراصد‘ میں بتایا’ ہمیشہ اپنے والد کو مطالعہ کرتے پایا، انہیں دیکھ کر مجھے بھی یہ شوق پیدا ہو گیا‘۔
’والد نے میرے شوق کو دیکھتے ہوئے مجھے ایک لائبریری کا ممبر بنا دیا اس کے علاوہ مختلف کتب بھی میرے لیے فراہم کیں۔ وہ مجھے کتب میلوں اور کتب خانوں میں لے جاتے تھے‘۔
سعودی بچی کا کہنا تھا’ میرے دن کا بیشتر حصہ مطالعے میں گزرتا ہے، اسی وجہ سے سمارٹ فون سے دور اور کتب بینی سے قریب ہوں۔ یومیہ دو سے 3 گھنٹے اپنے سکول کا کام کرنے کے علاوہ مطالعہ کرتی ہوں‘۔