Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: آئینی ترمیم آزاد عدلیہ پر حملہ ہے، پورا ملک بلاک کریں گے: علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ’آئینی ترمیم کے لیے ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے فارغ کر دیں گے۔ اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پورے پاکستان کو بلاک کریں گے۔‘
منگل کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’آئینی ترمیم نہیں مانتے، یہ ترمیم آزاد عدلیہ پر حملہ ہے، غیرقانونی آئینی ترمیم کے خلاف آواز اُٹھائیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جنہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پیٹھ میں چُھرا گھونپا انہیں پارٹی سے نکالیں گے۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور سے کراچی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ایئر سیال نے ٹیکنیکل لینڈنگ کی ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق منگل کو ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد ایئر سیال کے طیارے پی اے 142 سے پرندہ ٹکرا گیا۔
طیارے میں 180 سے زیادہ مسافر سوار تھے جنہیں لاؤنج منتقل کر دیا گیا۔  
کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطے کے بعد طیارے کو لاہور ایئرپورٹ پر بحفاظت اتارا۔
سی اے اے کے مطابق طیارے کے انجن صحیح کام کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رانا تنویر ملٹی لیٹرل انڈسٹریل پالیسی فورم میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ

 
صنعت و پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین ملٹی لیٹرل انڈسٹریل پالیسی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق دو روزہ ملٹی لیٹرل انڈسٹریل پالیسی فورم کا اجلاس بدھ کو ریا ض میں شروع ہو گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سعودی حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب: خواتین کے تعلیمی اداروں میں فی میل سٹاف تعینات کرنے کی ہدایت

 
پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں خواتین عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو اس سلسلے میں پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے گائیڈ لائن جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’گرلز کالجز، مخلوط تعلیمی اداروں اور گرلز ہاسٹل میں صرف فی میل سٹاف کو تعینات کیا جائے۔‘
یہ گائیڈ لائن لاہور کے ایک نجی سکول میں مبینہ ریپ کے حوالے سے فیک نیوز پھیلانے کے بعد جاری کی گئی۔
محکمہ تعلیم کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر مجبوری میں میل سٹاف تعینات کرنا ہو تو وہاں سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کوئی افسر کرے اور 30 دن کی ویڈیو فوٹیج رکھی جائے۔‘
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے طالبات کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
آج لاہور ہائیکورٹ میں نجی کالج میں فیک نیوز پھیلا کر ہنگامے کرنے کے خلاف کیس کی سماعت بھی ہوئی۔  
عدالت میں ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران پیش ہوئے۔

شیئر: