Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: پہلے دن کے اختتام پر پاکستان کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز

ملتان ٹیسٹ کے بعد راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی سپنرز نے عمدہ بولنگ کی ( فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز بنالیے۔
جمعرات کو پنڈی سٹیڈیم میں اوپنر عبداللہ شفیق 14، صائم ایوب 16 اور کامران غلام تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلے دن کے اختتام پر پاکستان کے کپتان شان مسعود 16 جبکہ سعود شکیل بھی 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 267 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی سمیتھ 89 رنز اور بین ڈکٹ 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 
انگلش کھلاڑی گس ایٹکنسن 39، زیک کرالی نے 29، جیک لیچ 16اور بین سٹوکس نے نو رنز سکور کیے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز حاصل نہ کر سکا۔ 
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے چھ وکٹیں حاصل کیں، نعمان علی نے تین اور زاہد محمود نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس میچ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے والے ابتدائی 11 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اس میچ میں پاکستان کی قیادت شان مسعود کر ر ہے ہیں، جبکہ کامران غلام، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، نائب کپتان سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
تین میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو ہرا دیا۔
تیسرے میچ کا نتیجہ سیریز کا فیصلہ کرے گا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا تھا کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کریں گے تاکہ پچ کو سمجھ سکیں، کیونکہ راولپنڈی کی پچ پہلے چند روز اچھی ہوگی۔ اس بار دو فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بین سٹوکس نے کہا تھا کہ ’بولنگ شروع کردی ہے، ملتان ٹیسٹ میچ میں بولنگ کروانے کے بعد اچھا محسوس کررہا ہوں، ٹریننگ میں بھی 2 سپیلز کروائے ہیں، امید کرتا ہوں کہ ملتان ٹیسٹ کی نسبت راولپنڈی ٹیسٹ میں بہتر بولنگ کروا پاؤں گا۔‘
اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو خشک کرنے کے لیے صنعتی سائز کے پنکھے، آؤٹ ڈور ہیٹر اور ونڈ بریکرز کا استعمال کیا گیا۔
اتوار کو گراؤنڈ سٹاف نے پچ کے دونوں اطراف تین بڑے ہیٹر اور ایک صنعتی سائز کا پنکھا نصب کیا تھا جن کی مدد سے پچ کو خشک کیا جا رہا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ پچ پر وینڈ بریکر بھی نصب کیے گئے تھے تاکہ گرم ہوا پچ کی سطح سے باہر نہ نکل سکے۔

شیئر: