Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر دفاع کی میڈرڈ میں ہسپانوی ہم منصب سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

شہزادہ خالد بن سلمان سپین کے سرکاری دورے پر میڈرڈ پہنچے ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے  میڈرڈ میں اپنی ہسپانوی ہم منصب مارگریٹا روبلز سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان جمعرات کو سپین کے سرکاری دورے پر میڈرڈ پہنچے ہیں۔
ملاقات میں سعودی عرب اور سپین کے درمیان تعلقات، مشترکہ مفاد کے امور اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے ایکس اکاونٹ پر لکھا’ ہم نے سعودی، ہسپانوی تعلقات کا جائزہ لیا اور اپنے دفاعی تعاون کو مستحکم کرنے کے مواقع تلاش کیے‘۔
’ہم نےعلاقائی و بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا‘۔
قبل ازیں سعودی وزیر دفاع ھسپانوی وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر پہنچے تو سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے دفاع نے وفود کی موجودگی میں بات چیت کی۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر دفاع اٹلی کے سرکاری دورے کے بعد سپین پہنچے ہیں۔ اٹلی میں انہوں نے ملٹری انڈسٹریز، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں تعاون کے مواقع پر بات چیت کی۔

شیئر: