Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: سٹاک مارکیٹ میں اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، وزیراعظم

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے سنگجانی ٹول پلازے پر قیدی وینز پر حملہ کیا، جبکہ پی ٹی آئی کے پشاور سے ایم پی اے کے بیٹے سمیت چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’قیدی وین کی رفتار آہستہ ہوئی تو حملہ کیا گیا، حملہ آور چار گاڑیوں میں سوار تھے۔ 82 فرار ہونے والے ملزمان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 19 کو فرار کروانے کی کوشش کی گئی اور 20 افراد نے حملہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حملہ آوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا نہ کر سکے۔‘
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کا ردعمل جھوٹ پر مبنی ہے۔ قیدیوں کو فرار کروانا مجرموں کا فعل ہے۔ چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔‘

-----------------------------------------------

سنگجانی پر ایس ایچ او نے ڈرامہ رچایا: علی امین گنڈاپور

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے حکومت کے اس دعوے کہ تحریک انصاف کے کارکنان کے سنگجانی ٹول پلازے پر قیدی وینز پر حملہ کیا، کہا ہے کہ فارم 47 کی جعلی حکومت یہ ڈرامے بند کریں۔
انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم ایک صوبائی حکومت ہیں اور صوبائی حکومت کے طور پر اور پاکستان کے شہری ہونے کے ناطے ہمارے بھی کچھ بنیادی حقوق ہیں۔
’ہمارے ایک وزیر، ایک ایم پی اے، ہمارے ورکرز، ہمارے 1122 کے سرکاری اہلکار، ہماری پولیس کے اہلکار جن پر آپ نے جعلی مقدمے بنائے تھے، ان کی عدالت نے آج سنگجانی کے کیس میں ضمانت کر لی تھی، اس کے بعد آپ لوگوں نے انہیں سیکریٹریٹ کی ایک ایف آئی آر میں گرفتار کر لیا اور پھر ان کو جیل لے جاتے ہوئے ایس ایچ او ترنول نے انہیں گاڑی سے اتار کر سڑک پر کھڑا کیا اور پھر اپنے ہاتھ سے وین کے شیشے توڑ کر ایک ڈرامہ رچایا۔‘
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو وارننگ دے رہا ہوں اگر آپ نے کسی کو گرفتار کیا ہے یا کسی کو کچھ بھی ہوا ایس ایچ او ترنول تم ذمہ دار ہو گے۔‘

----------------------------------------------

 فرار ہونے والے قیدی دوبارہ گرفتار، تین حملہ آور پکڑے گئے، اسلام آباد پولیس

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی  نے کہا ہے کہ پولیس نے قیدیوں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام بنا دی ہے اور فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین قیدی وینز میں 82 ملزمان موجود تھے جنہیں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چار ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹال پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کیا۔ ملزمان اسلحے، ڈنڈوں اور پتھروں سے لیس تھے۔
’حملے میں چار پولیس اہلکار زخمی، جبکہ 3 حملہ آور گرفتار کیے گئے ہیں۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔‘
اسلام آباد میں سنگ جانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی تین گاڑیوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا۔
جمعے کو اسلام اباد پولیس کے ترجمان جواد نقی نے اردو نیوز کو حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ ہوا ہے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ جو بعد میں جاری کی جائیں گی۔
اس سے قبل پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کی قیدی وینوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے جس کے بعد متعدد قیدی فرار ہو گئے ہیں۔
’نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی اور شیشے بھی توڑے۔‘
پولیس نے کہا تھا کہ وینوں میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے ڈیڑھ سو سے زائد قیدی سوار تھے۔

--------------------------------------------

اسلام آباد کی ‏انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی ضمانتیں منظور کر لی ہے۔
جمعے کو عدالت نے 20، 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض دونوں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

--------------------------------------------

سٹاک مارکیٹ میں اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے: وزیراعظم

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100-انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق مارچ 2024 سے سٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے۔ 14 برس بعد پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں ہیں۔ مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی۔

-----------------------------------------

پاکستان سٹاک ایکسچینج کا نیا ریکارڈ

پاکستان سٹاک ایکسچینج  کاروباری ہفتے کے آخری روز 90 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر کے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
جمعے کو انڈیکس پوائنٹ 88,945 پر مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز پر تیزی کا تسلسل جاری رہا ہے جس میں مارکیٹ نے 1143 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 90ہزار سے زائد کی سطح پر ٹریڈ کیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی درجہ حرارت میں کمی اور معاشی استحکام کے علاوہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر شرح سود میں کمی کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا نظر آیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں اگر سیاسی اور معاشی صورتحال مزید بہتری کی طرف گئی تو مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔

-------------------------------------

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف دبئی پہنچ گئے، لندن جائیں گے

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف جمعے کی صبح جاتی امرا اپنی ذاتی رہائش گاہ سے لاہور ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ ایک نجی ائیر لائن کی فلائٹ ای کے 625 سے دبئی کے لے روانہ ہوئے۔
آخری اطلاعات آنے تک وہ دبئی پہنچ چکے ہیں جہاں وہ ایک دو روز قیام کریں گے۔ ان کے ہمران ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور سٹاف ممبران بھی ہیں۔
خیال رہے کہ تقریبا ایک سال قبل 21 اکتوبر کو وہ الیکشن سے قبل پاکستان واپس آئے تھے۔ ان کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ وہ چیک اپ کے لیے بیرون ملک سفر کر رہے ہیں اور ان کی واپسی جلدی ہو گی۔
مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمٰی بخاری نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’نواز شریف اپنے علاج کی غرض سے پہلے بھی لندن میں رہے اور اب بھی وہ اپنے چیک اپ کے لیے گئے ہیں۔‘

--------------------------------------------------

پشاور میں سولر کی چوری کے دوران مزاحمت پر گھر کا مالک قتل

پشاور میں ناصر باغ روڈ پر سولر کی مبینہ چوری کے واقعے کے دوران مزاحمت پر گھر کے مالک کو قتل کر دیا گیا ہے۔
مارے جانے والے شہری کے لواحیقن نے لاش سڑک پر رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔
لواحقین نے کہا کہ چور سولر گھر پر نصب سولر پینل چوری کرنے آیا تھا۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں اس سے پہلے بھی چوری کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔
احتجاج کے باعث ناصر باغ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔
پولیس نے چوری کی واردات کے بجائے قتل کی دفعہ 302 کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جبکہ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔

شیئر: