امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے سنیچر کو اردن، ایران، عراق اور اسرائیل کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں جبکہ دیگر پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
فلائی دبئی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ’ اسرائیل کی جانب سے ایران کے فوجی اہداف پر حملے کے فوری بعد احتیاطی طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے‘۔
امارات الیوم کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا’ فضائی کمپنی خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کے مطابق فلائٹ شیڈول کو ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے‘۔
اتحاد ایئر ویز نے بھی سنیچر کو مشرق وسطی کے کچھ علاقوں کے لیے اپنی متعدد پروازوں کو ری روٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئرلائن نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی پروازوں کا سٹیٹس چیک کریں۔
علاوہ ازیں مصری ایئر لائن نے بھی علاقائی صورتحال کے باعث سنیچر کو بغداد اور اربیل کےلیے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری طرف ایران نے کہا ہے کہ وہ سنیچر سے معمول کے مطابق پروازیں دوبارہ شروع کرے گا۔
عراق نے بھی اپنی فضائی حدود کو دوبارہ کھول دیا اور پروازیں شروع کردیں۔