Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس، وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب روانہ

وزیرِاعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد سے  ریاض روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف ریاض میں 29 سے 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کا آغاز آج منگل سے ہو رہا ہے جو31 اکتوبر 2024 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پشاور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے 14 روز تک انہیں کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
منگل کو پشاور ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اُن کی موکلہ کے خلاف چاروں صوبوں میں مقدمات درج ہیں۔ مقدمات معلوم نہیں، تفصیل فراہم کرکے گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو 14 روز تک کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ نیب، ایف آئی اے سمیت تمام اداروں سے مقدمات کی تفصیل طلب کر لیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سموگ کے تدارک کے لیے کریک ڈاؤن، ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد جرمانے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر لاہور میں سموگ کے تدارک کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔
لاہو ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال دھواں چھوڑنے والی 26 ہزار 128 گاڑیوں پر مجموعی طور پر پانچ کروڑ سے زائد جرمانے عائد ہوئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی و دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 11 ہزار گاڑیوں کو 54 لاکھ روپے جرمانے کیے گئے۔
 کریک ڈاؤن کے لیے ٹریفک پولیس، محکمہ ماحولیات اور مائنز ڈیپارٹمنٹ کی چھ مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ 
چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ مٹی،ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر موصول ہونے پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی ویڈیوز پر بھی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کشمیر سے ریسکیو کیا گیا تیندوا دم توڑ گیا

پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر سے ریسکیو کیا گیا تیندوا ’نواب‘ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تیندوا ’نواب‘ گولیاں لگنے سے زخمی ہوا تھا اور اس کی ریڑھ کی ہڈی بھی شدید متاثر ہوئی تھی۔
’نواب‘ کو ضلع نیلم وادی سے ریسکیو کیا گیا تھا اور مزید علاج کے لیے اسلام آباد کے ویٹرنری کلینک منتقل کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق طبی معائنہ کے دوران ایکسرے رپورٹس میں ریڑھ کی ہڈی شدید متاثر نظر آئی جبکہ گولیوں سے زخموں کے متعدد نشانات موجود تھے۔ ’نواب‘ کا وزن 63 کلو جبکہ اس کی عمر تقریباً ساڑھے چھ سال تھی۔

شیئر: