Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ، عالمی شخصیات کی شرکت

وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس میں شرکت کے لیے  سعودی عرب آئیں گے ( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ کا آغاز منگل سے ہوا ہے جو31 اکتوبر 2024 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس میں شرکت کے لیے منگل کو سعودی عرب  پہنچے ہیں۔ متعدد عالمی شخصیات بھی شریک ہیں۔
 پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزرا بھی ہیں۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو(ایف آئی آئی) ممالک کے لیے اپنی معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
 لامحدود افق: آج کی سرمایہ کاری، کل کی تشکیل کے موضوع کے تحت کانفرنس میں اس بات پر تبادلہ خیال کی جائے گا کہ سرمایہ کاری کس طرح ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کےلیے اثر انداز ہونے کےلیے کام کرسکتی ہے۔ 
کانفرنس کا مقصد مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، سپیس، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور پائیداری جیسے اہم مسائل کو حل کرنا ہے۔ ایجنڈے میں مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیز سرِفہرست ہیں۔ کانفرنس کے دوران 28 ارب ڈالر کے معاہدے متوقع ہیں۔
کانفرنس کےلیے دنیا بھر سے 7 ہزار 100 شرکا رجسٹرڈ ہیں۔ یہ تعداد پچھلے برس کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ 500 سے زیادہ سپیکرز ہیں جبکہ 200 سے زیادہ سیشنز اور ڈائیلاگ فورم ہوں گے۔

سعودی عرب کا میزبان ملک کے طور پر انتخاب کامیابی کی اہم وجہ ہے۔ (فوٹو: ایکس اکاونٹ)

 کانفرنس کے شرکا میں سے 30 فیصد کا تعلق امریکہ سے ہے، 20 فیصد کا یورپ سے جبکہ 20 فیصد ایشیا کی نمائندگی کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ اٹیس کا کہنا ہے’ اس مرتبہ ٹیکنالوجی انڈسٹری بشمول آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے وابستہ زیادہ سے زیادہ افراد شریک ہو رہے ہیں کیونکہ اب ہر طرف آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہے اور یہی تمام صنعتوں اور شعبوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’ سعودی عرب کا میزبان ملک کے طور پر انتخاب ایف آئی آئی کی کامیابی کی اہم وجہ ہے۔‘
’سعودی عرب یقیناً عالمی مرکز بن گیا ہے اور ہے بھی۔ اگر آپ دنیا کا نقشہ دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ بہت اچھی جگہ پر واقع ہے۔ مملکت اب یقیناً ایک ایسی جگہ ہے جہاں صنعت، کان کنی، ایوی ایشن، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی کے مستقبل سے متعلق عالمی سطح کی بات چیت ہو رہی ہے۔‘

عالمی معیشت میں افریقہ کے کردار پر بھی توجہ دی جائے گی۔(فائل فوٹو: ایس پی اے)

 ’صحرا میں ڈیووس‘ کے نام سے جانے جانے والا فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو (ایف آئی آئی) ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عالمی رہنما، چیف اگزیکٹوز اور پالیسی ساز صنعتوں، گورننس اور انسانیت کے مستقبل کی تشکیل کے لیے اکھٹے ہوتے ہیں۔
 کانفرنس کے ذریعے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فاؤنڈیشن اس بارے میں بات چیت کو فروغ دے گی کہ کس طرح سرمایہ کاری خوشحال اور پائیدار مستقبل کے لیے ایک عمل انگیز کے طور پر کام کر سکتی ہے اور انسانیت کے لیے زیادہ سے زیادہ فوائد کے حصول کے لیے اس افق کو کیسے وسعت دی جائے۔
 عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ان سے نمٹنے کے لیے نئی سٹریٹجی، عالمی معیشت میں افریقہ کے کردار، اہم عہدوں پر خواتین کے کردار کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کے عملی پہلوؤں پر بھی توجہ دی جائے گی۔

شیئر: