پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور مولوی سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں دراندازی افغان حکومت کی پالیسی نہیں یہ کام کچھ عناصر کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیا میں اقتصادی تعلقات کا استحکام کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولوی سردار احمد شکیب نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے کے ذرائع موجود ہیں تاہم اس وقت کوئی اعلی سطح پر بات چیت جاری نہیں ہے۔
افغان ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان کو شاید کچھ شکایات ہیں، مگر ہمیں علم نہیں کہ امن و امان کے حوالے سے پاکستان کو کیسے مطمئن کریں۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل سچ نہیں، یہ الزامات غلط ہیں۔ ’افغانستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیتا۔ تاہم کچھ عناصر دراندازی کرتے ہیں، لیکن یہ ہماری پالیسی نہیں ہے۔ سرحدی دراندازی کوئی نئی بات نہیں، اگر ہم اس پر قابو پانا بھی چاہیں تو یہ ممکن نہیں۔‘
سردار احمد شکیب کا کہنا تھا کہ کوئی افغان یہاں آ کر دہشت گردی نہیں کرتا، ہم کسی افغان کو کسی ہمسایہ ملک میں جہاد کی اجازت نہیں دیتے، اس حوالے سے باقاعدہ فتوے بھی جاری ہو چکے ہیں۔
سردار احمد شکیب نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ون ڈاکیومینٹ رجیم کے تحت نئے سرحدی قوانین کا احترام کرتا ہے۔ ’تاہم بسا اوقات یہ سرحد کی دونوں جانب رہنے والوں کے لیے مسئلہ بن جاتے ہیں جو 70 برس پہلے کی طرح آسان پالیسیاں چاہتے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کی جانب سے تجارت و ٹرانزٹ کے معاملات کو سیاسی معاملات کے ساتھ مکس کر دیا جاتا ہے۔ اگر مختلف معاملات کو الگ الگ رکھا جائے تو مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چمن اور اسپن بولدک سمیت دیگر سرحدی تجارتی گزرگاہیں ہمارے باہمی تعلقات کو مضبوط بنائیں گی۔
ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم پر حملہ، دو پولیس اہلکار ہلاک
خیبر پختونخوا پولیس نے کہا ہے کہ ایک پولیو ویکسینیشن ٹیم پر مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین ’دہشت گرد‘ بھی ہلاک ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقع ضلع اورکزئی کے علاقے دابوری میں منگل کی صبح پیش آیا۔
بیان کے مطابق مسلح افراد نے پولیو ویکسینیشن ٹیم کو نشانہ بنایا تو پولیس کے ساتھ ان کا فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس میں ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار بیٹھا جنکہ ایک زخمی ہو گیا۔ تاہم زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے گزر گیا۔
اورکزئی پولیس کے ترجمان محمد موسیٰ کا کہنا تھا کہ ’جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔‘
------------------------------------------------------------------