پہلا ون ڈے: سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
پیر 4 نومبر 2024 6:46
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
میلبرن میں ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
204 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کو آغاز میں ہی اپنے دونوں اوپنرز کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔
میتھیو شورٹ 1 رن بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اور نسیم شاہ نے جیک فریس مک گرک کو 16 رنز پر آؤٹ کیا۔
سٹیون سمتھ 44 رنز بنا کر حارث رؤف کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے، جوش انگلس 49، مارنس لیبوشین 16 اور گلین میکسویل صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ اور محمد حسنین نے 1، 1 کھلاڑی کو پولین کی راہ دکھائی۔
میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جو 46ویں اوور میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
صائم ایوب ایک اور عبداللہ شفیق 12 رنز بنا سکے، دونوں کو مچل سٹارک نے آؤٹ کیا بابر اعظم 37 پر زیمپا کا شکار ہوئے۔
کامران غلام پانچ، سلمان آغا 12، محمد رضوان 44 رنز بنا سکے، شاہین شاہ آفریدی 24، نسیم شاہ 40 اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، پیٹ کمنز اور زیمپا نے 2، 2 جبکہ سین ایبٹ اور لابوشان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اتوار کو کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل کے پہلے میچ کے لیے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔
محمد رضوان پہلی بار ون ڈے میں پاکستان کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ بلّے باز محمد عرفان خان انٹرنیشنل ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ٹیم کپتان محمد رضوان کے علاوہ نائب کپتان سلمان علی آغا، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابراعظم اور کامران غلام شامل ہیں۔
پاکستان ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اُتری ہے جن میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
پاکستان کے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اتوار کو میلبرن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہے۔‘
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’پلیئنگ الیون میں میری بھی مشاورت ہو گی۔ میں مشاورت کے ساتھ چلنے والوں میں سے ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کے بھی مشورے لیتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بابر اعظم، شاہین اور نسیم کی پاکستان کے لیے بہت پرفارمنس رہی ہیں، آج بابر اور شاہین کا نام اپنی پرفارمنسز کی وجہ سے ہی ہے۔‘
محمد رضوان کے مطابق ’پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر فینز تھوڑا ناراض ضرور ہیں، ہمیں دنیا بھر میں پاکستانی فینز سپورٹ کرتے ہیں، اب انہیں مایوس نہیں کریں گے۔‘
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل 8 اور تیسرا 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔