Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ایرانی وزیرِخارجہ کی اسلام آباد میں ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیرِخارجہ عزت مآب سید عباس عراقچی نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ملاقات منگل کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔
ایرانی وزیر خارجہ آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہچنے ہیں جہاں اس سے قبل ان کی ملاقات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہوئی۔
وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق ایران کے وزیرِخارجہ کے طور پر پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر سید عباس عراقچی کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
’وزیراعظم نے پاکستان کی ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔‘
’ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے خطے کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلسطینی عوام کی حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جاری نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت کی۔‘
وزیر اعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت، بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور سب سے بڑھ کر فلسطینی عوام کو حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق، جس کی انہیں اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کی ضمانت دی گئی ہے،کی فراہمی پر بھی زور دیا۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے 26 اکتوبر 2024 کو ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔‘
’ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اصولی موقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورت حال کے حوالے سے ایران کے نقطۂ نظر سے آگاہ کیا۔‘

شیئر: