Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران میں جدید طریقے سے چاول کی کاشت کا کامیاب تجربہ

روایتی طریقے میں چاول کی کاشت کے لیے وافر مقدار میں پانی درکارہوتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
نجران میں وزارت ماحولیات وزراعت کے تعاون سے چاول کی جدید طریقے سے کاشت میں کامیابی حاصل کرلی گئی ہے۔ روایتی طریقے میں چاول کی کاشت کےلیے پانی کی وافرمقدار درکار ہوتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق گورنر نجران شہزادہ جلوی بن عبدالعزیز بن مساعد نے چاول کی کامیاب کاشت کے تجربے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔
علاقے کے کاشت کار علی بن ظافر نے کاشت کیے جانے والے چاول کے نمونے گورنر نجران کو پیش کیے اس موقع پر وزارت ماحولیات و زراعت کے ریجن ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
وزارت کے ریجنل ڈائریکٹر انجینئرالشھرانی نے گورنر نجران کو بتایا کہ علاقے کی آب وہوا کو مدنظر رکھتے ہوئے چاول کی کاشت کے لیے جو طریقہ دریافت کیا گیا ہے اس میں چاولوں کی پنیری لگانے کے لیے زیادہ پانی درکار نہیں ہوتا۔
ریجنل ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طورپر 4 اقسام کے چاول کی کاشت میں کامیابی حاصل کی ہے جس کے لیے زیادہ مقدار میں پانی درکار نہیں ہوتا اور یہ طریقہ  علاقے کے آب و ہوا سے بھی مطابقت رکھتا ہے ۔

شیئر: